سینٹرل جیل کی سیکیورٹی ناقص چوکیوں سے اہلکار غائب

کالعدم تنظیم کی جیل پر حملے کی دھمکی،تحفظ کے لیے قائم چوکیوں سے محافظ غائب ہوگئے

سینٹرل جیل کی حفاظت کے لیے سڑک پر بنائی گئی چوکیاں سیکیورٹی اہلکاروں سے خالی پڑی ہیں جس سے جیل کی سیکیورٹی کو خدشات لاحق ہیں ۔ فوٹو : محمد نعمان/ ایکسپریس

آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کی نااہلی اور عدم دلچسپی سے سینٹرل جیل کی سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہوگئے۔

کالعدم تنظیم کی جانب سے چند روز قبل بھی جیل پر حملے کی دھمکی دی گئی تھی، جیل کے اندر اور باہر چوکیاں تو ضرور قائم کردی گئیں لیکن ان سے محافظ غائب ہیں جس سے جیل پر حملہ یا ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے، پی آئی بی کالونی کی جانب قائم کثیر المنزلہ عمارت سے اسموک بم بھی جیل میں پھینکا جاچکا ہے، تفصیلات کے مطابق شہر کے مصروف ترین اور گنجان آباد علاقوں پی آئی بی کالونی، نیو ٹائون اور جمشید روڈ کے سنگم پر قائم کراچی سینٹرل جیل کی سیکیورٹی ناقص ہوگئی ہے، آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کی نااہلی اور عدم دلچسپی سے جیل کی سیکیورٹی کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، ذرائع نے بتایا ہے کہ جیل کے اندر قائم کی گئی بیشتر چوکیاں سیکیورٹی اہلکار نہ ہونے کے باعث خالی رہتی ہیں، جیل حکام نے جیل کے اندر سیکیورٹی کے نام پر بڑی تعداد میں چوکیاں بنائیں، چند روز قبل بھی کالعدم تنظیم کی جانب سے جیل پر حملہ کرکے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کی دھمکی دی گئی ہے لیکن اس کے باوجود جیل حکام کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور سیکیورٹی کی صورتحال بدستور جوں کی توں ہے۔




جیل کے عقبی حصے میں پی آئی بی کالونی کی جانب سڑک کو گھیرکر نہ صرف کئی چوکیاں قائم کردی گئیں بلکہ ان پر رنگ و روغن بھی کردیا گیا لیکن صورتحال یہ ہے کہ سیکیورٹی کے نام پر قائم کی گئی مذکورہ چوکیوں میں سیکیورٹی اہلکار موجود نہیں ہے اور چوکیاں بدستور خالی پڑی ہیں جبکہ ان چوکیوں کے قیام سے شہریوں کو تکلیف کا سامنا اور ٹریفک جام رہتا ہے، ڈیڑھ ماہ قبل پی آئی بی کالونی کی ہی جانب سے سینٹرل جیل پر اسموک بم پھینکا گیا تھا لیکن اس کے باوجود آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن نے تاحال سیکیورٹی بڑھانے میں کسی بھی قسم کی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا، پی آئی بی کالونی کی جانب کثیر المنزلہ عمارتیں بھی جیل کی سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہیں جبکہ تین اطراف گنجان آبادیاں بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں، ذرائع کے مطابق نصرت منگن انتظامی امور سے نابلد ہیں جس کی وجہ سے جیل کے معاملات درست انداز میں نہیں چل رہے اور بیشتر افسران کو پریشانیوں کا سامنا ہے لیکن آئی جی جیل کے اثر و رسوخ کے باعث ان کے سامنے صدائے احتجاج بلند کرنے کے لیے کوئی افسر تیار نہیں ہے، سینٹرل جیل کراچی کے تحفظ کی صورتحال تشویشناک ہے اور کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔
Load Next Story