علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے کلیم وصولی کیلئے نیب کا اشتہار جاری

اشتہار میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ پارک ویو انتظامیہ کی جانب سے دھوکہ دہی کی شکایات نیب لاہور میں جمع کروائیں

 نیب  نے علیم خان کے خلاف 1 ارب 40 کروڑ مالیت پر مشتمل ریفرنس کی منظوری دی ہے، نیب ذرائع. فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے کلیم وصولی کے لئے اشتہار جاری کردیا۔

نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے عوام الناس سے صوبائی وزیر علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے کلیم وصولی کیلئے اشتہار جاری کردیا ہے، نیب نے علیم خان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں داخل کرنے سے قبل ان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کا اشتہار جاری کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نیب کا علیم خان کیخلاف ریفرنس تیار

اشتہار میں عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہےکہ وہ پارک ویوانتظامیہ کی جانب سے دھوکہ دہی کی شکایات نیب لاہور میں جمع کروائیں، نیب لاہور ریجنل بورڈ نے علیم خان کے خلاف 1 ارب 40 کروڑ مالیت پر مشتمل ریفرنس کی منظوری دی ہے۔


نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کے خلاف ان کی ثابت شدہ آمدن سے 1 ارب 40 کروڑ مالیت کے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس تیار کیا گیا ہے، ریفرنس میں علیم خان کے نام اندرون و بیرون ملک متعدد قیمتی اثاثہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے اب تک ذرائع نامعلوم ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق علیم خان کے خلاف تحقیقات میں ان کے دو مبینہ فرنٹ مین عمر فاروق اور عمیر کے ذریعے پارک ویو سوسائٹی میں ہیر پھیر کے شواہد حاصل کئے گئے ہیں، 400 سے 500 متاثرین کے پلاٹوں کو معروف ہائوسنگ سوسائٹی میں منتقلی کرتے ہوئے مذکورہ فرنٹ مین نے علیم خان کو کروڑوں روپے کا غیرقانونی انداز میں فائدہ پہنچایا، نیب قانون کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ملزم کو قید کی سزا کے علاوہ ناصرف ملزم کی تمام غیرقانونی جائیداد ضبط ہوتی ہے بلکہ ملزم کو اتنا ہی جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

 

 
Load Next Story