آسٹریلیا کے تیسرے میچ میں ایشزسیریز جیتنے کا تیسرا موقع

پاکستان کا باہمی سیریز میں سب سے زیادہ 37 چھکوں کا ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب

ایشز سیریز میں کامیابی کےبعد آسٹریلوی کھلاڑی ایک دوسرے سے گلے لگ کر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔فوٹو:گیٹی امیجز/کرک انفو

پرتھ ٹیسٹ میں انگلینڈ کی 150 رنز سے ناکامی کے ساتھ ہی کئی ریکارڈز بھی بن گئے، کسی بھی ٹیم کا ایشز سیریز محض تیسرے میچ میں اپنے نام کرلینے کا یہ تیسرا موقع بنا، اس سے قبل بھی دونوں مرتبہ آسٹریلیا نے ہی یہ کارنامہ 2006 اور 1920 میں انجام دیا تھا۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں مرتبہ انگلش ٹیم کو وائٹ واش کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، شائد تاریخ اس مرتبہ بھی خود کو دہرائے، دونوں ممالک کے درمیان اب تک 68 ایشز سیریز ہوچکی ہیں، کینگروز نے 32 ویں مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی ، انگلینڈ 31 مرتبہ فاتح بن چکا، پانچ سیریز ڈرا پر تمام ہوئیں، اس ناکامی پر انگلینڈ کی لگاتار تین ایشز فتوحات کا خواب بھی بکھر گیا، انگلینڈ اس سے قبل بھی 2مرتبہ لگاتار تین ایشز جیت چکا ہے، یہ مواقع 1953-65 اور 1977-1981 میں پیش آئے تھے،واکا گرائونڈ پر یہ انگلینڈ کی لگاتار ساتویں شکست بنی، مہمان ٹیم یہاں مجموعی 13 ٹیسٹ میں 9 ویں مرتبہ ناکام ہوئی، اس نے آخری مرتبہ پرتھ میں کامیابی 1978 میں حاصل کی تھی۔

میچ میں انگلینڈ کیلیے مثبت پہلو بین اسٹوکس کی سنچری رہی، وہ چھٹے نمبرپر کھیلتے ہوئے 120رنز بنانے میں کامیاب ہوئے،اس سے قبل فلنٹوف نے 2005 کے ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں 102 رنز اسکور کیے تھے،بریڈ ہیڈن نے پرتھ میں8کیچز تھام کر ویسٹ انڈیز کے جونیئر مرے اور دھونی کا بہترین کارکردگی کا ریکارڈ برابر بھی کردیا۔ حالیہ سیریز میںآسٹریلوی بیٹسمین اب تک مجموعی طور پر 36 چھکے لگا چکے، میلبورن میں پاکستان کا کسی باہمی سیریز میں سب سے زیادہ 37 چھکوںکا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے، ٹیم نے یہ کارنامہ 2005-06 سیریز میں روایتی حریف بھارت کیخلاف انجام دیا تھا، جاری ایشز میں اب تک دونوں ممالک نے مجموعی طور پر 48 چھکے لگائے ہیں، کسی بھی سیریز میں مجموعی 51چھکوں کے ریکارڈ کو توڑنے کیلیے وہ محض4 بلند وبالا شاٹس سے دور ہیں۔
Load Next Story