عمرگل اورعمران فرحت کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

فاسٹ بولر عمر گل اور عمران فرحت اب کوچنگ میں اپنا کیریئر بنائیں گے

فاسٹ بولر عمر گل اور عمران فرحت اب کوچنگ میں اپنا کیریئر بنائیں گے

ٹیسٹ کرکٹر عمر گل اور عمران فرحت نے کرکٹ سے طویل رفاقت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا، ملتان میں 30 ستمبر سے شروع ہونے والا قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا، پیسر بلوچستان کی فرسٹ الیون کا حصہ ہیں، ڈومیسٹک ایونٹ میں بھی کھلاڑی سے زیادہ ان کا ٹیم میں بطور مینٹور کردار زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بطور کوچ وابستہ ہونے کیلیے ریٹائرمنٹ کا یہی مناسب وقت تھا، انہیں کرکٹ کمیٹی کا رکن بنائے جانے پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے کہ ایک فعال کرکٹر کو یہ ذمہ داری نہیں ملنا چاہیے، مفادات کے تضاد کی وجہ سے ہی انہوں نے اب ہر سطح کی کرکٹ کو خیرباد کہتے ہوئے کو چنگ میں کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔


یاد رہے کہ عمر گل لیول ٹو کوچنگ کورس کر چکے ہیں اور گزشتہ دنوں کرکٹ پاکستان کو انٹرویو میں بھی انہوں نے بطور کوچ کیریئر بنانے کا عندیہ دیا تھا۔

دوسری جانب ٹیسٹ کرکٹر عمران فرحت نے بھی کرکٹ سے طویل رفاقت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کو آگاہ کردیا ہے کہ یہ ان کا آخری ڈومیسٹک سیزن ہوگا، وہ مستقبل میں کوچنگ کے شعبے میں نام کمانا چاہتے ہیں۔

عمران فرحت نے ایکسپریس نیوز کے ساتھ اپنے ریٹائرمنٹ پلان کی تصدیق کرتےہوئے کہا ہےکہ 22 سال سے کرکٹ کھیل رہاہوں، اب چاہتا ہوں کہ نئے لڑکوں کو کھیل کی باریکیاں سکھاوں، پی سی بی کے زیر اہتمام کوچنگ کورس کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ باقاعدہ کورسز کرکے اپنے علم میں اضافہ کروں۔

واضح رہے عمران فرحت نے چالیس ٹیسٹ اور اٹھاون ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔سات ٹی ٹوئنٹی میچز بھی انہیں کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ 48 سالہ عمران فرحت اس وقت موجودہ ڈومیسٹک سیزن کےعمر رسیدہ اور سب سے زیادہ تجربہ کار بیٹسمین ہیں۔ دوہزار ایک میں انٹرنیشنل کیرئر کا آغاز کرنے والے عمران فرحت نے دوہزار تیرہ میں اہلیہ کی بیماری کی وجہ سے دورہ زمبابوے سے معذرت کی تھی جس کے بعد سے وہ کم بیک نہیں کرسکے۔
Load Next Story