کنٹرول لائن پراشتعال انگیزی سینیئربھارتی سفارتکارکی دفترخارجہ طلبی

رواں برس بھارت نے 2340 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس سے 18 پاکستانی شہری شہید ہوچکے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

لائن آف کنٹرول پر جاری بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف سینیئر بھارتی سفارت کار کو طلب کیا گیا(فوٹو، فائل)

کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہری شدید زخمی ہونے کے واقعے پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے سینیئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ایکسرپیس نیوز کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں میں کمی نہیں آ سکی اور 24 ستمبر کو ایک مرتبہ پھر بھارتی افواج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بارو سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ۔ فائرنگ کے نتیجہ میں دو پاکستانی شہری شدید زخمی ہوئے ۔


ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں تعینات سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان نے بھارتی فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں برس بھارت نے اب تک 2340 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس میں اب تک 18 معصوم پاکستانی شہری شہید اور 187 شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ بھارت کی طرف سے جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے بھارتی فورسز مسلسل بھاری ہتھیاروں سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہیں ۔

ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت ایسے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ نہیں ہٹا سکتا پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت 2003 کے فائر بندی سمجھوتے کی پاسداری کرے اور اقوام متحدہ مبصر مشن کو صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر کام کرنے کی اجازت دے۔
Load Next Story