محروم عوام کو حقوق دیئے بغیر قومی یکجہتی پیدا نہیں ہوسکتی الطاف حسین

اس وقت پاکستان کو جن خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے ان کا تقاضہ ہے کہ ملک کو داخلی طور پر مضبوط کیا جائے، الطاف حسین

ایم کیوایم واحد جماعت ہے جو پاکستان کو درپیش مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ چھوٹی قومیتوں میں شدید تر ہونے والا احساس محرومی دور کیا جائے کیونکہ محروم عوام کو حقوق دیئے بغیر ملک میں قومی یکجہتی پیدا نہیں ہوسکتی۔


لندن میں ایم کیو ایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں پاکستان سے آئے ہوئے اراکین رابطہ کمیٹی، سینیٹرز، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور دیگرعہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کہا کہ محروم عوام کو ان کے حقوق دیئے بغیر اور تمام نسلی ولسانی اکائیوں کے ساتھ مساوی سلوک کئے بغیر ملک میں قومی یکجہتی پیدا نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو جن خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے ان کا تقاضہ ہے کہ ملک کو داخلی طور پر مضبوط کیا جائے اور یہ اسی صورت میں کیا جاسکتا ہے جب ملک کے تمام عوام کو ایک نظر سے دیکھا جائے اور چھوٹی قومیتوں میں شدید تر ہونے والا احساس محرومی دور کیا جائے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم مخالف قوتوں کی تمام تر سازشوں اور منفی پروپیگنڈوں کے باوجود باشعور عوام اس حقیقت کو اچھی طرح جان چکے ہیں کہ یہی وہ واحد جماعت ہے جو پاکستان کو درپیش مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے اور ملک کو مضبوط ومستحکم بناسکتی ہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور عوامی مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں۔

Recommended Stories

Load Next Story