ڈیوڈ ہیمپ کو قومی خواتین کرکٹ  ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا

ڈیوڈ ہیمپ آسٹریلوی ویمنز بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں

ڈیوڈ ہیمپ آسٹریلوی ویمنز بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ ہیمپ کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ ڈیوڈ ہیمپ کی تعیناتی، تقرری کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہے۔

آئندہ ہفتے اپنی پچاسویں سالگرہ منانے والے ڈیوڈہیمپ گزشتہ پانچ سال وکٹورینز ویمنز کرکٹ ٹیم اور آسٹریلوی ویمنز بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے تھے۔


سابق کرکٹراور یوکے لیول فور کوالیفائیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ برمودا اور گلیمورگن کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔ انہوں نے گلیمورگن، فری اسٹیٹ اور وورکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے 271 فرسٹ کلاس میچوں میں 15 ہزار سے زائد رنز بنائے۔ برمودا کی جانب سے 22 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں 641 رنزبنانے والے ڈیوڈ ہیمپ کے انٹرنیشنل کیرئیر میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔

پاکستان ویمنز ونگ کی قائم مقام سربراہ اور چیئرآف ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ پی سی بی ڈیوڈ ہیمپ کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے پر خوش ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ ہیمپ اپنے ہمراہ وکٹوریا اور ملیبرن اسٹارزویمنزکرکٹ ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کا پانچ سالہ تجربہ اور کرکٹ کا علم لائیں گے جو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔

اس عہدے کے لیے پی سی بی نے 18 اگست کو اشتہار جاری کردیا تھاجس کے لیے 18 غیرملکیوں سمیت کُل 38 کوچز نے درخواست جمع کرائی تھی۔اس عہدے کے لیے فائنل انٹرویوز گزشتہ ہفتے ہوئے جوچیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان، عروج ممتاز اور گرانٹ بریڈ برن نے لیے تھے۔
Load Next Story