عبدالرزاق نے بطور کوچ پہلی فتح اپنے نام کرلی

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بلوچستان کو شکست دینا بطور کوچ پہلی کامیابی ہے جس کا کریڈٹ ٹیم ورک کو جاتا ہے، سابق آل راؤنڈر

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بلوچستان کو شکست دینا اس نئے رول میں میری پہلی کامیابی ہے، سابق آل راؤنڈر

قومی ٹیم کے منجھے ہوئے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے بطور کوچ پہلی فتح حاصل کرکے اس شعبے میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے۔

اپنے وقت کے کامیاب ترین آل راؤنڈر کے مطابق نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بلوچستان کو شکست دینا اس نئے رول میں میری پہلی کامیابی ہے تاہم اپنی پہلی کامیابی کی وجہ ٹیم ورک کو سمجھتا ہوں۔ کوچ کی حیثیت سے بنچ پر بیٹھنا مختلف تجربہ ہے، جس کو بہت انجوائے کرنے کے ساتھ اپنے تجربے سے نوجوانوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہا ہوں۔


سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ ایونٹ کی فیورٹ ٹیموں میں ہونے کی وجہ سے ہم پر پریشر ہے، تمام لڑکے توقعات پر پورا اترنے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔اچھی ٹیم وہی ہوتی جو پریشر سے نکلنا جانتی ہو، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کے بارے میں پیش گوئی نہیں کی جاسکتی، میچ والے دن کمبی نیشن اور پرفارمنس پر جیت کا انحصار ہوتا ہے۔

عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ کامیابی کے لیے ہر میچ میں بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم ہی سرخرو ہوتی ہے۔ یقین ہے کہ فتوحات کا یہ سفر جاری رکھتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ میں جگہ پائیں گے، پاکستان کی ٹیم کو اچھے اور بہترین کھلاڑی دینا میرا ہدف ہے۔
Load Next Story