بلدیاتی انتخابات کا معاملہ ابھی زیر بحث نہ لایا جائے چیف الیکشن کمشنر

عام انتخابات کے لیے ووٹر لسٹوں، بیلٹ پیپرز کی چھپائی و دیگر امور پر غور، فہرستوں میں غلطیاں الیکشن تک دورہوجائیں گے

عام انتخابات کے لیے ووٹر لسٹوں، بیلٹ پیپرز کی چھپائی و دیگر امور پر غور، فہرستوں میں غلطیاں الیکشن تک دورہوجائیں گے، بریفنگ۔ فوٹو: فائل

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کی صدارت میں جمعرات کو الیکشن کمیشن کے اجلاس میں زیادہ ترامور عام انتخابات سے متعلق زیر بحث لائے گئے۔

جب کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کاکہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا معاملہ ابھی صوبوں میں قانون سازی سے پہلے زیربحث نہ لایا جائے جب صوبے قانون سازی کر کے رولز اور یونین کونسل حلقہ بندیاں مکمل کر لیں گی پھر الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کو تیار ہے ذرائع کے مطابق جمعرات کے اجلاس میں عام انتخابات کے لیے ووٹر لسٹوں میں پائی جانے والی غلطیوں کو دور کرنے پولنگ اسٹیشن کی تعداد سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ووٹروں کی رہائش گاہوں سے قریب ترین بنانے سے مجموعی پولنگ اسٹیشنز کی تعداد اور عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپر کی چھپائی کے امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔


ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے ووٹر لسٹوں میں غلطیوں سے متعلق سیاسی رہنمائوں کے بیانات پر کہا کہ جس طرح غلطیوں کے حوالے سے بیانات دیئے جا رہے ہیں اس اعتبار سے ووٹر لسٹوں میں غلطیاں نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور ممبران نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان اور سیکیورٹی پریس آف پاکستان کو بیلٹ پیپر کی چھپائی کے لیے 15روز سے زیادہ کا وقت دینے سے انکار کر دیا اور کہاکہ اگر ایک دو روز مزید چاہئیں تو غور ہو سکتا ہے لیکن مزید 5 سے 6 روز نہیں دیے جا سکتے۔ دونوں اداروں کے ساتھ اس ضمن میں آج فائنل بات چیت کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں سے متعلق بریفنگ دی اور کہا کہ غلطیوں کو الیکشن شیڈول کے اعلان تک دور کیا جائے گا۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن کے اجلاس کہ دوران چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ملک میں صاف وشفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کمیشن کے ممبران سیکریٹری الیکشن کمیشن چیئرمین نادرا ،کمشنر محکمہ مردم شماری، پرنٹنگ پریس اور سیکیورٹی پریس کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں انتخابات کے امور پر تفصیلی پر غور کیا گیا۔

اجلاس آج بھی جاری رہے گا جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی ۔آئی این پی کے مطابق الیکشن کمیشن نے حکومت کو گرین سگنل دے دیا ہے کہ وہ اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنر ملک میں عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کیلیے مکمل طور پر تیار ہیں۔اجلاس میںآئندہ عام انتخابات کیلیے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں تیار ہونے والی سفارشات پر سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا۔

Recommended Stories

Load Next Story