پاک بحریہ کی جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں میں شرکت

دونوں ممالک کے جہاز خلیج عدن سے گزرنے والے جہازوں کی سیکیورٹی کی عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں

دونوں ممالک کے بحری جہاز خلیج عدن میں موجود ہیں(فوٹو، ریلیز)

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے (ہیلی کاپٹر سمیت) جنوبی کوریا کے بحری جہاز (DAE JO YEONG) کے ساتھ بحری مشق میں شرکت کی۔

دونوں بحری جہاز فی الوقت خلیج عدن میں موجود ہیں اور انسداد قذاقی اوراس اہم علاقے سے گزرنے والے جہازوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی بین الاقوامی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔


اس بحری مشق میں خطے کے بحری تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کئی آپریشنل سیریل شامل تھے جن کا مقصد باہمی آپریشنز کی صلاحیت اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ پی این ایس ذوالفقار خلیجِ عدن میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (RMSP) میں بھی حصّہ لے رہا ہے۔

اس مشق کا انعقاد سمندروں میں بین الاقوامی جہازرانی کے لیے محفوظ ماحول مہیا کرنے اور سمندروں میں ہونے والی غیر قانونی کا روائیوں کے خلاف عالمی کوششوں میں اپنا حصّہ ڈالنے کے پاک بحریہ کے عزم کی توثیق ہے۔

پاک بحریہ، حکومتی پالیسیوں کے عین مطابق سمندری تحفظ اور خطے کی سیکیورٹی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ اس مشق سے دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین باہمی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔
Load Next Story