عوامی تحریک کا بلدیاتی نظام کیخلاف ٹرین مارچ اسلام آباد روانہ

ریلوے اسٹیشنوںپرشاندار استقبال، کل اسلام آباد میں ریلی کا انعقاد اور مظاہرہ کیا جائیگا

ریلوے اسٹیشنوںپرشاندار استقبال، کل اسلام آباد میں ریلی کا انعقاد اور مظاہرہ کیا جائیگا. فوٹو: ایکسپریس

سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں، بلدیاتی نظام، امن و امان کی خراب صورتحال، کرپشن، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور ذوالفقار آباد منصوبے کے خلاف عوامی تحریک کا ٹرین مارچ جمعرات کو کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوگیا ہے۔

عوامی تحریک کی جانب سے ہفتے کی صبح پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے سندھ محبت ریلی نکالی جائے گی جس سے تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے، مارچ عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری انور سومرو، سید عالم شاہ اور مریم گوپانگ کی قیادت میں کینٹ اسٹیشن سے بذریعہ عوام ایکسپریس اسلام آباد روانہ ہوا، اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیاء اور سول سوسائٹی کی رہنما شیریں کھوکھر نے قافلے کو الوداع کیا، روانگی سے قبل عوامی تحریک کے کارکنان نے ریلوے اسٹیشن پر احتجاجی مظاہرہ کیا اورمطالبہ کیاکہ سندھ محبت ریلی کراچی پر فائرنگ کر کے کارکنان کو شہید کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔


ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انور سومرو نے کہا کہ سندھ کے خلاف ہر طرح سے سازشیں کی جا رہی ہیں۔دریں اثناء ٹرین مارچ کراچی ریلوے اسٹیشن سے عوامی تحریک کے جنرل سیکریٹری انورسومرو کی قیادت میں کوٹری ریلوے اسٹیشن پہنچا جہاں کارکنان نے ان کا استقبال کیا اور ٹرین میں سوار ہوئے، بعد میں ٹرین مارچ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچاتوکارکنان اور عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے شاندار استقبال کیا، اس موقع پر ثقافتی گیتوں پرخواتین نے رقص بھی کیا۔حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو جام، ٹنڈوالہیار اور تھرپارکر سمیت دور دراز علاقوں سے مرد وخواتین کارکنان کھانے پینے کے انتظامات کے ساتھ آئے تھے جن میں ضعیف خواتین اور بچیاں بھی شامل تھیں۔

جنہوں نے ہاتھوں میں عوامی تحریک کے صدر کی تصاویر اور پارٹی پرچم اٹھا کر نعرے لگائے۔اس سے قبل عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو کے حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر کارکنان نے ان کا پھولوں کی پتیاں نچھاورکر کے استقبال کیا۔ ایاز لطیف پلیجو نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکمرانوں کو سندھ کے مسائل کے حوالے سے آگاہی دیناچاہتے ہیں، آٹھ ستمبرکو پریس کلب اسلام آباد سے پارلیمنٹ ہائوس تک محبت سندھ ریلی نکالی جائے گی اور مظاہرہ کیا جائے گا۔بعد ازاں ایازلطیف پلیجوکی قیادت میں محبت سندھ ٹرین مارچ ٹنڈو آدم روانہ ہوا، حیدرآباد سے روانہ ہونے والی محبت سندھ ٹرین مارچ ٹنڈو آدم اسٹیشن اور پھر نوابشاہ ریلوے اسٹیشن پہنچا، نوابشاہ ریلوے اسٹیشن پر خطاب کرتے ہوئے۔

ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ ذوالفقار آباد منصوبہ سندھ دشمن منصوبہ اورسندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کرنیکی سازش ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ ناظمین والا بلدیاتی نظام بھی ناقابل قبول ہے، ریونیو اورپولیس کا محکمہ ناظمین کے ہاتھ نہیں دیں گے، اگر ایسا ہوا تو کراچی کی زمینوں پر قبضے کیے جائیں گے۔اس موقع پر پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ بعد میں ٹرین شرکاء کے ہمراہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئی۔
Load Next Story