حکومت اپوزیشن سے مفاہمت نہیں کرسکتی تو طالبان سے کیسے کرے گی خورشید شاہ

چوہدری نثار پر اس وقت بہت بڑی ذمہ داری ہے انہیں چاہئے کہ وہ غیر پارلیمانی الفاظ واپس لیں، خورشید شاہ

طالبان کے معاملے پر اگر حکومت نے دیر کردی تو حالات قابو سے باہر ہوجائیں گے، قائد حذب اختلاف خورشید شاہ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حذب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن سے مفاہمت نہیں کرسکتی تو طالبان سے کیسے کرے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار پر اس وقت بہت بڑی ذمہ داری ہے انہیں چاہئے کہ پارلیمنٹ کے وقار کا احترام کریں اور غیر پارلیمانی الفاظ واپس لیں۔ وزیر داخلہ کے ٹی اے ڈی اے لینے سے متعلق بیان پر خورشیدشاہ نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ میں آتے ہیں اس لئے ٹی اے ڈی اے لیتے ہیں۔


اس سے قبل سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ طالبان کے معاملے پر اگر حکومت نے دیر کردی تو حالات قابو سے باہر ہوجائیں گے، طالبان کے سلسلے میں حکومت کو جلد از جلد فیصلہ کرنا پڑے گا کہ ان سے مذاکرات کئے جائیں یا دوسرا آپشن استعمال کیا جائے، حکومت کو چاہئے کہ وہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلے۔

واضح رہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سیاسی جماعت انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کو تماشا بنارہی ہے جس پر پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا،پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب تک وزیرداخلہ غیرپارلیمانی الفاظ واپس نہیں لیتے اس وقت تک اپوزیشن اجلاس کا بائیکاٹ جاری رکھے گی۔
Load Next Story