دانش عزیز کی ناقابل شکست اننگز نے سندھ کو یقینی شکست سے بچالیا
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ کو جیت کے لیے میچ کے آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے کہ دانش عزیز نے افتخار احمد کو 2 چھکے اور 2 چوکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا، محض 34 رنز پر7 وکٹیں گنوانے کے بعد فاتح ٹیم کے دانش عزیز اور انورعلی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 77 رنز کی شراکت قائم کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سندھ نے 139 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دانش عزیز نے 47 گیندوں پر 8 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ انور علی 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
فاسٹ باؤلر عثمان شنواری نے 3، عمران خان سینئر نے 2 جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کے پی کی تجربہ کار بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور محض 87 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس موقع پر عثمان خان شنواری نے 15 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 36 رنزپر مشتمل کیرئیر بیسٹ اننگز کھیلی، جس کی بدولت خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔ مصدق احمد 25 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔
سہیل خان، حسان خان اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے دانش عزیز کا کہنا ہے کہ وہ صرف وکٹ نہ گنوانے کا ذہن بناکر کریز پر کھڑے رہے، یقین تھا کہ دباؤ کم ہوگیا تو یہ ہدف عبور کرنا مشکل نہیں ہوگا۔ ایونٹ میں دوسری نصف سنچری بنانے والے دانش عزیز نے کہا کہ وہ ایک بارپھر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر بہت خوش ہیں۔