گوجرانوالہ جلسے سے پہلے پولیس کے چھاپے اور پکڑ دھکڑ ن لیگ کی بھی خفیہ تیاریاں

(ن) لیگ مریم نوازکی جلسے میں شرکت کی حکمت عملی بھی سامنے نہیں لارہی

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ جمعہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہوگا فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے 16 اکتوبرکوگوجرانوالہ میں اعلان کردہ جلسے کی خفیہ تیاریاں جاری ہیں جب کہ پولیس کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے قافلوں کو روکنے کے لئے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ جمعہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہوگا، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مریم نواز ، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام کے وفد کی سربراہی مولانا فضل الرحمان کریں گے۔


گوجرانوالہ جلسے کے انعقاد کی ذمہ داری مسلم لیگ (ن) کو تفویض کی گئی ہیں، جلسے کو صرف 2 روزرہ گئے ہیں، جلسے کی کامیابی کے حوالے سے ایک ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پرمسلم لیگ (ن) کے اجلاس ہورہے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جلسے میں شرکت کی تیاریاں مکمل طور پر خفیہ رکھی جا رہی ہیں، مریم نواز ریلی کی صورت میں جائیں گی یا صرف سکیورٹی قافلے کے ساتھ، یہ تفصیلات بھی سامنے نہیں لائی جا رہیں۔

پارٹی کے ایک حصے کی رائے ہے کہ مریم نوازصرف ایک سکیورٹی قافلے کے ساتھ براستہ رنگ روڈ اورموٹروے گوجرانوالہ جائیں جب کہ لیگی رہنماؤں کے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ مریم نوازجاتی امرا سے بڑی ریلی کی صورت میں شہرکے اندرسے ہوتی ہوئیں گوجرانوالہ پہنچیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قافلوں کوروکنے کے لئے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ آج رات سے راستے اورعلاقے سیل کرنے کا کام شروع کر دیا جائے گا، پولیس کی جانب سے جاتی امرا کے اطراف میں کنٹینرزپہنچا دئیے گئے ہیں، کنٹینرز کے ذریعے راستوں کومکمل سیل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کے گھروں اورڈیروں پرچھاپے بھی مارے جارہے ہیں، رات گئے پولیس نے رائیونڈ سے لیگی ایم پی اے مرزا جاوید کے ڈیرے پرچھاپہ مارا تاہم پولیس کسی کو بھی گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔ نواز شریف اور مریم نواز کی ہدایت پرلیگی رہنما اورکارکن پہلے ہی روپوش ہوچکے ہیں۔
Load Next Story