کراچی میں پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکا 2 افراد جاں بحق ایس ایچ او ماڑی پور سمیت متعدد زخمی

دہشت گردوں نے دھماکے میں ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی کی گاڑی کو نشانہ بنایا، پولیس

دھماکا انتہائی زوردار تھا جس کی آواز دوردورتک سنی گئی۔ فوٹو: محمد نعمان/ایکسپریس

پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایچ او ماڑی پور شفیق تنولی گاڑی میں پولیس اسکواڈ کے ساتھ اپنی رہائش گاہ کی جانب جارہے تھے کہ دہشت گردوں نے پرانی سبزی منڈی کے قریب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے اور ان کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی، دھماکا انتہائی زوردار تھا جس کی آواز گلشن اقبال، ناظم آباد، گلبہار اور گارڈن تک سنائی دی جبکہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔


دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی ٹیموں نے بھی موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ جاوید اوڈھو کے مطابق شفیق تنولی خیریت سے ہیں اور ان کے چہرے پر زخم آئے ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 2 سے 3 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیئرنگز بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے پرانی سبزی منڈی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
Load Next Story