ہم نہیں بلکہ عمران خان این آر او چاہ رہے ہیں مولانا فضل الرحمان

پاکستان میں اس وقت جعلی حکومت مسلط ہے، فضل الرحمان

ہم عہدوں کے لیے نہیں جمہوریت کی بالادستی کے لیے پی ڈی ایم میں ہیں، فضل الرحمان فوٹوفائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت ہم نہیں بلکہ عمران خان این آر او چاہ رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے جامعہ اشرفیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جعلی حکومت مسلط ہے اور آئین کی حکمرانی نہیں، جعلی حکمرانی کے تحت عوام زندگی گزاررہے ہیں، آج گوجرانوالہ سے تحریک کا آغازہوگا جس میں عوام بڑی تعداد میں شریک ہوں گے، پاکستان مغربی آقاؤں کا نہیں بلکہ پاکستانیوں کا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: این آر او دینے سے زندگی آسان ہوجائے گی لیکن یہ تباہی کا راستہ ہے، وزیراعظم

سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ پارلیمنٹ میں دو سال میں اگرکوئی قانون سازی ہوئی ہے تو وہ بھی ایف اے ٹی ایف اے کےتحت ہوئی ہے، یہ عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ نہیں بلکہ عالمی اداروں کی سازش کے تحت لائی گئی پارلیمنٹ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا عمران خان اورطاہرالقادری کا دھرنا منتخب پارلیمنٹ کے خلاف تھا، ہمارا احتجاج غیرمنتخب پارلیمنٹ کے خلاف ہے، اس وقت ہم نہیں بلکہ عمران خان این آر او چاہ رہا ہے، اپوزیشن کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، ہم عہدوں کے لیے نہیں بلکہ جمہوریت کی بالادستی کے لیے پی ڈی ایم میں ہیں۔
Load Next Story