حکومت نے 5 ماہ میں بینکوں سے 279 ارب روپے کے قرضے لیے

اسٹیٹ بینک نے436ارب روپے کی بجٹ فنانسنگ کی،حکومتی قرضے نومبر کے اختتام پر6097ارب روپے تک پہنچ گئے

نجی شعبے نے5ماہ میں180ارب کے قرضے لیے،160ارب کاروبارکیلیے دیے گئے۔فوٹو:فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں نے رواں مالی سال جولائی سے نومبر کے دوران 524ارب روپے کے قرضے جاری کیے جن میں سے 297ارب روپے قرضے حکومت نے حاصل کیے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جون 2013 میں اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے مجموعی حکومتی قرضوں کی مالیت 5800ارب روپے تھی جو نومبر 2013 کے اختتام تک 6097ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، 5 ماہ کے دوران اسٹیٹ بینک کی جانب سے حکومت کو 436ارب روپے جاری کیے گئے جبکہ کمرشل بینکوں کو حکومت نے 138ارب روپے کے قرضے لوٹا دیے،نومبر کے اختتام تک حکومت پر اسٹیٹ بینک کے قرضوں کی مالیت 2634ارب روپے جبکہ کمرشل بینکوں کے قرضوں کی مالیت 3463ارب روپے ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ 5ماہ کے دوران 259ارب روپے کے غیرسرکاری قرضے بھی جاری کیے گئے جن میں سے 180ارب روپے کے قرضے نجی شعبے کو جاری کیے گئے،




نجی شعبے کو جاری کردہ قرضوں میں سے 160ارب روپے کے قرضے کاروبار کیلیے جاری کیے گئے، 5 ماہ کے دوران پرسنل (ذاتی) لونز کی مالیت میں 17.04 ارب روپے کا اضافہ ہوا جن میں 13.73ارب روپے کے صارف قرضے شامل ہیں، جولائی سے نومبر تک ہائوسنگ فنانس میں 2.557 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں، جون 2013کے اختتام تک ہائوسنگ فنانس کی مالیت 38.96 ارب روپے تھی جو نومبر کے اختتام تک کم ہوکر 36.41 ارب روپے پر آگئی، گاڑیوں کی خریداری کیلیے جاری کردہ قرضوں میں 5 ماہ کے دوران 4.59ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور آٹو لونز کی مالیت 50.487 ارب روپے سے بڑھ کر 55.082ارب روپے تک پہنچ گئی، کریڈٹ کارڈز کے ذریعے دیے گئے قرضوں کی مالیت 21ارب 79کروڑ سے بڑھ کر 22ارب 25کروڑ روپے کی سطح پر آگئی، ذاتی صارف قرضوں کی مالیت 99.80ارب روپے سے بڑھ کر 1کھرب 11 ارب 19 کروڑ روپے پر آگئی۔
Load Next Story