بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری نوجوان شہید تعداد 8 ہوگئی

قابض بھارتی فوج نے ایک ہفتے کے دوران شوپیاں، رام باغ، بڈگام اور اننت ناگ میں 8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا

ایک ہفتے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے، فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا جس کے بعد ایک ہفتے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر ضلع اننت ناگ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا، اس طرح محض ایک ہفتے دوران سری نگر، شوپیاں، بڈگام، اور اننت ناگ میں کیے گئے آپریشن میں 8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا ہے۔


قابض بھارتی فوج نے ان تمام نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا اور اپنے غیر قانونی و غیر آئینی اقدام کو چھپانے کے لیے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان مسلح تھے اور عسکری کارروائی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر علاقہ مکینوں نے شہداء کے اہل خانہ کے ہمراہ بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہر کیا اور آزادی جدوجہد کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کشمیر میں تعلیم کی غرض سے آنے والے تین نوجوانوں کو بھارتی فوج نے ماورائے عدالت قتل کرکے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی تھی تاہم انکوائری میں جعلی مقابلہ ثابت ہوجانے پر اہلکاروں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا گیا ہے۔
Load Next Story