کراچی میں پی ڈی ایم جلسے کی قیادت کالعدم ٹی ٹی پی کے دوست کررہے ہیں فواد چوہدری

13 سال قبل ملکی تاریخ کا سب سے بڑا خودکش حملہ ہوا اور بیںظیربھٹو شہید کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا، فواد چوہدری

18 اکتوبر 2007 کے خودکش حملے میں 180لوگ شہید ہوئے تھے فوٹو: فائل

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج پی ڈی ایم جلسے کی قیادت کالعدم ٹی ٹی پی کے دوست کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ آج سے 13 سال قبل پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا خود کش حملہ ہوا، جس میں بےںظیر بھٹو شہید کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کے خودکش حملے میں 180 لوگ شہید اور 500 سے زیادہ لوگ ہاتھوں اور پاؤں سے محروم ہوئے، اس دہشت گردی کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی، آج اسی جگہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا جلسہ ہے اور اس کی قیادت کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دوست کررہے ہیں۔


واضح رہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو بے نظیر بھٹو خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس لوٹی تھیں، ان کا کراچی میں فقید المثال استقبال کیا گیا تھا۔ اسی دوران ان کے قافلے پر یکے بعد دیگرے دو خودکش حملے ہوئے تھے۔

'پی ڈی ایم صرف شو کر رہی ہے جس میں پاور نہیں'

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم صرف شو کر رہی ہے جس میں پاور نہیں، ان کی نہ کوئی سمت ہے، نہ کوئی پلان اور نہ ہی ان کے نظریات اور موقف ایک ہیں، ان کے پاس صرف ذاتی دکھ ہیں، ان کے پاس عوام کے لئے کچھ نہیں، اس مرتبہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے تقریر کرا لیں، خالی کرسیوں سے تقریر کرانا ان کا مذاق اڑانا ہے۔
Load Next Story