بیٹنگ چلی تو بولنگ ناکام گرین شرٹس کا قصہ تمام

سنگاکارانے58کی اننگز کےدوران کیریئرکے12ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، احمد شہزاد نے شاندار سنچری بنائی، مصباح الحق کی ففٹی

دوسرا ون ڈے : سنچری بنانے والے پاکستانی اوپنر احمد شہزاد کا اسکوائر لیگ کی جانب دلکش اسٹروک. فوٹو: اے ایف پی

MULTAN:
پاکستان کی بیٹنگ چلی تو بولنگ ناکام ہو گئی، دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں بولرز 284 کے اسکور کا بھی دفاع نہ کر سکے، سری لنکا نے 2بالز قبل 8 وکٹ پر ہدف حاصل کرکے گرین شرٹس کا قصہ تمام کر دیا۔

سنگاکارا نے 58 کی اننگز کے دوران کیریئر کے 12ہزار رنز بھی مکمل کر لیے، دنیش چندیمل 44رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، دلشان 40پر رن آئوٹ ہوئے، کپتان انجیلو میتھیوز نے ذمہ دارانہ 47رنز بناکر ٹیم کی نائو پار لگانے میں اہم کردار ادا کیا، جنید خان نے 3 وکٹیں لیں مگر دیگر بولرز خاص تاثر نہ چھوڑ سکے، اس سے قبل احمد شہزاد نے سنچری داغ کر ٹیم کو فتح کا خواب دکھایا، انھوں نے کپتان مصباح الحق(59) کے ساتھ 105رنز کی شراکت بنائی، شاہد آفریدی نے 15گیندوں پر 30 رنزکی اننگز کھیلی، مہمان ٹیم کی 2 وکٹ سے فتح نے سیریز کو 1-1 سے برابر کر دیا، تیسرا ون ڈے اتوار کو شارجہ میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق 285 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا نے ابتدا میں محتاط انداز اپنایا، تاہم پھر تلکارتنے دلشان نے کھل کر اسٹروکس کھیلنا شروع کیے، انھوں نے سعیداجمل کو مسلسل 2 چوکے جڑے مگر اگلی ہی گیند پر ان کی غلط کال پر لکمل پریرا (16) میدان بدر ہو گئے، بلاول بھٹی کے ڈائریکٹ تھرو نے انھیں بروقت کریز میں واپسی کا موقع نہ دیا، پاکستان کی دوسری کامیابی بھی فیلڈر کی مرہون منت تھی، پُراعتماد 40رنز بنانے والے دلشان سنگل لینے کی کوشش میں کریز کو چھونے ہی والے تھے کہ بیٹ ہاتھ سے پھسل گیا۔

محمد حفیظ کے تھرو پر گیند سیدھی وکٹوں سے جا ٹکرائی، ٹیم کی سنچری مکمل ہونے سے قبل بلاول بھٹی کی شارٹ گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ کی اپیل مسترد ہو گئی، اس پر پاکستان نے ریویو لینے میں دیر نہ لگائی تاہم سنکو میٹر نہ ہونے کی وجہ سے امپائر نے شک کا فائدہ سنگاکارا کو دیدیا،تجربہ کار بیٹسمین نے بلاول بھٹی کو چھکا لگا کر ٹیم کی سنچری مکمل کرنے کے بعد جلد ہی ون ڈے کیریئر کے 12ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، سعید اجمل کی گیند پر ان سائیڈ ایج کے نتیجے میں جب وہ بولڈ ہوئے تو 58 رنز بنا چکے تھے، دنیش چندیمل(44) کی بیلز جنید خان نے اڑائیں، پیسر نے اسی انداز میں تشارا پریرا(5) کو بھی چلتا کیا، سہیل تنویر رنز کی رفتار روکنے میں ناکام رہے، انھوں نے 42ویں اوور میں 2 وائیڈز اور ایک نو بال سمیت 19رنز دے کر آئی لینڈرز کا سفر آسان کیا، آفریدی نے کولاسیکرا کو 32کے اسکور پر اسٹمپڈ کرایا، محمد حفیظ اپنی گیند پر پراسنا کا مشکل کیچ نہ تھام سکے تاہم انھیں 6 رنز پر جنید نے بولڈ کردیا، بلاول بھٹی نے گیند تھامی تو سری لنکا کو 30 گیندوں پر 41رنز کی ضرورت تھی۔


 



اس اوور میں 15رنز بنے، سعید اجمل اور سہیل تنویر کے اوور میں 5 ،5 رنز بنے،جنید خان نے 12 رنز دیدیے، آخری اوور میں 4 رنز درکارتھے، آفریدی کی پہلی ہی گیند پر اینجیلو میتھیوز(47) نے احمد شہزاد کو کیچ تھما دیا، سینانائیکے نے 2رنز بنائے پھر چوتھی گیند پر فتح اپنی ٹیم کے نام کردی، کرونا رتنے16 پر ناٹ آئوٹ پویلین واپس گئے۔ اس سے قبل پاکستانی اننگز کے آغاز میں شرجیل خان امپائر حسن رضا کے غلط فیصلے کا شکار ہو گئے، اوپنر نے 7 رنز ہی بنائے تھے کہ لیستھ مالنگا کی ایک گیند پیڈ اور بیٹ سے ٹکرانے پر انھیں ایل بی ڈبلیو دے دیا گیا، ریویو بھی فیصلہ تبدیل نہ کرا سکا، حفیظ کو 16 کے انفرادی اسکور پرموقع ملا جب سیکوگے پرسنا اپنی ہی گیند پر کیچ تھامنے میں ناکام رہے، احمد شہزاد بھی 21 پر آئوٹ ہونے سے بال بال بچے۔

اوپنر نے اینجیلو میتھیوز کی گیند بائونڈری کی طرف اچھالی جو پریرا نے اچک لی، تھرڈ امپائر نے بار بار ایکشن ری پلے دیکھنے کے بعد کیچ مشکوک قرار دے دیا، پاکستان کو دوسرا نقصان محمد حفیظ(32) کا اٹھانا پڑا، وہ دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آئوٹ ہوئے،صہیب مقصود (18) نے پرسنا کو چھکا لگانے کی کوشش میں لانگ آن پر چندیمل کو کیچ تھما دیا،کچھ دیر بعد احمد شہزاد نے سنچری مکمل کر لی، انھیں 124 رنز پر کولاسیکرا نے ایل بی ڈبلیو کیا،یوں ان کی کپتان کے ساتھ 105رنز کی شراکت کا اختتام ہوا، پاکستان نے آخری 10 اوورز میں بولرز کی پٹائی کرتے ہوئے 92 رنز حاصل کرکے مجموعہ 4 وکٹ پر 284 تک پہنچایا، مصباح الحق 59 اور آفریدی 15 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
Load Next Story