چترال اپر دیر اور شانگلہ میں زلزلے کے جھٹکے
زلزلے کی شدت 5.4 تھی اور اسکا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں 68کلو میٹر گہرائی میں تھا،زلزلہ پیما مرکز
چترال، اپر دیر اور شانگلہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اپر دیر، چترال، شانگلہ اور اس کے گرد ونواح میں محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 تھی اور اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں 68 کلو میٹر گہرائی میں تھا جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.0 تھی اور اس کا مرکز افغانستان کے شمال مشرقی گاؤں آشکشام میں 86 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اور بلوچستان کے متعدد شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔