کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری کی فوٹیج منظر عام پر آگئی 

فوٹیج کے مطابق نوازشریف کے داماد کی گرفتاری کے لیے آپریشن 46 منٹ تک جاری رہا

فوٹیج کے مطابق نوازشریف کے داماد کی گرفتاری کے لیے آپریشن 46 منٹ تک جاری رہا

سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی کراچی میں گرفتاری کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی کراچی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کی ویڈیو ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی گرفتاری کے لیے آپریشن 46 منٹ تک جاری رہا، جس کا آغاز صبح 6 بجکر 8 منٹ پر ہوا جب پولیس موبائل ہوٹل کے اندر داخل ہوئیں۔


ہوٹل کے مختلف سی سی ٹی فوٹیجز میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ کچھ سادہ لباس اہلکاروں کو بھی دیکھا گیا، فوٹیج میں جو ٹائم نظر آرہا ہے اس میں 6 بجکر 46 منٹ پر پولیس اہلکار سادہ لباس اہلکاروں کے ہمراہ مریم نواز کے کمرے کے باہر پہنچے جہاں فوٹیج میں ایک سادہ لباس اہلکار کو مسلسل فون پر ہدایات لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

فوٹیج کے مطابق 6 بجکر 48 منٹ پر اہلکار مریم نواز کے کمرے میں داخل ہوئے اور 6 بجکر 50 منٹ پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر باہر نکال کر اپنے ساتھ لے گئے، لفٹ اور لابی کی ویڈیوز میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص موبائل سے اس تمام واقعے کی مسلسل ویڈیو بناتا رہا۔

واضح رہے کہ کیپٹن(ر) صفدر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی آئے تھے جہاں انہوں نے مریم نواز کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور بعد ازاں مزار کے احاطے میں سیاسی نعرے بازی کی جس پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے غم وغصے کا اظہار کیا گیا۔ جلسے کی اگلی صبح ہی نجی ہوٹل سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کیا گیا اور پھر مقامی عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا۔

Load Next Story