عمران خان فوج سمیت ملک کے تمام اداروں کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتے ہیں بلاول

جمہوریت کی بحالی کی تحریک پی ڈی ایم چل رہی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی

میں عوام کے ووٹ سے طاقت لیتا ہوں، چیئرمین پیپلزپارٹی۔ فوٹو:فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میں کٹھ پتلی نہیں،کسی کے اشارے پر نہیں چلتا، عمران خان فوج سمیت ملک کے تمام اداروں کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتے ہیں، ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

گلگت کے ضلع شگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں عوام کے ووٹ سے طاقت لیتا ہوں، میں کٹھ پتلی نہیں اور نہ ہی کسی کے اشارے پر چلتا ہوں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کا مطالبہ پیپلزپارٹی کا منشور ہے، ہم نے کسی ایمپائر سے مل کر منشور نہیں بنایا، منشور میں وعدہ ہےکہ گلگت بلتستان کے نمائندے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بٹھائیں گے اور وعدہ ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنا کررہیں گے، مجھے امید ہے کہ گلگت کے عوام کسی راجہ کو جیتنے نہیں دیں گے۔




چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام وعدے جھوٹے ہیں، گلگت بلتستان کےعوام کو ان کا حق کیوں نہیں دیا جارہا؟ ہم نے اس سلیکٹڈ سے عوام کو بچانا ہے، نوجوان بیروزگار ہیں ان کو مزید بیروزگاری میں نہیں دھکیل سکتے، مجھ پر فرض ہے آپ کو آپ کا حق دلاؤں، مخالفین کو ماضی میں کامیاب ہونے دیا نہ آج ہونے دیں گے، گلگت بلتستان کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑوں گا۔ جمہوریت کی بحالی کی تحریک پی ڈی ایم چل رہی ہے۔

 

کوئٹہ میں جلسے سے خطاب

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن اتحاد کے جلسے سے گلگت بلتستان سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان فوج سمیت ملک کے تمام اداروں کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتے ہیں، ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے، اس لیے چاہتے ہیں کہ ان کا مستقبل میں کوئی سیاسی کردار نہ رہے، پی ڈی ایم کو توڑنے والے خواب دیکھ رہے ہیں، پاکستان کی حکومت ایک طرف اور سلیکٹر دوسری طرف ہے، قدم آگے بڑھانے والے ہیں پیچھے ہٹانے والے نہیں۔

بلاول نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا سر کٹ سکتا ہے لیکن جھکے گا نہیں، عوام چاہے جہاں کہ ہوں وہ اپنی جمہوریت لانا چاہتے ہیں، غربت، بے روزگاری، بھوک، بولنے اور سانس لینے کی آزادی چاہتے ہیں، سیاست، صحافت اور عدلیہ کچھ بھی آزاد نہیں، آپ کو یہ حق دلوانے کے لیے سبھی جمہوری جماعت ایک پیج پر ہیں، انہیں ہمارے اسٹیج اور پیج پر آنا ہوگا ورنہ گھر جانا ہوگا۔

Load Next Story