اسلام آباد میں بیٹھی حکومت چند ماہ کی مہمان ہے بلاول بھٹو زرداری

پاکستان تحریک انصاف جھوٹی جماعت ہے ان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی

عمران خان کی پالیسی کی وجہ سےنوجوان بےروزگار ہیں ،بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت چند ماہ کی مہمان ہے۔

گلگت بلتستان کے علاقے کھرمنگ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب کا مطالبہ ہے کہ ہمیں جمہوری حقوق ملیں، ملک کی جمہوری جدو جہد میں کھر منگ کے نوجوانوں کا خون بھی شامل ہے، پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی جدوجہد پریقین رکھتی ہے، ہم گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو اس کی شناخت دلائی اور ایف سی آر کا خاتمہ کیا، یہاں کے عوام کو ووٹ ڈالنے کا اختیار دیا ۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ صرف ایک الیکشن نہیں گلگت بلتستان کا مستقبل ہے، پاکستان تحریک انصاف جھوٹی جماعت ہے،ان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ہے، ہمیں عوام کو تبدیلی نہیں پی ٹی آئی کی تباہی سے بچانا ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ گلگت بلتستان کےعوام کا مستقبل تباہ ہو، پورے ملک میں گندم اور آٹے کا بحران ہے، عمران خان کی پالیسی کی وجہ سےنوجوان بےروزگارہیں، وہ اسٹیل مل بند کرکے 10 ہزار مزدوروں کو بے روزگار کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت، خیبر پختونخوا اور پنجاب نے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا لیکن معاشی بحران کے باوجود موجودہ سندھ حکومت نے پینشن اور تنخواہوں میں اضافہ کیا،ہمیں معاشی بحران، مہنگائی اورغربت کے خاتمے کے لئے عوامی حل چاہیے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لئے بینظیر انکم سپورٹ جیسا انقلابی منصوبہ شروع کیا،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اور پینشن میں 150 فیصد اضافہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت چند مہینوں کی مہمان ہے، امید کرتا ہوں کہ گلگت بلتستان کےعوام الیکشن میں صحیح فیصلہ لیں گے، پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو آپ کے مسائل کا حل نکال سکتی ہے، گلگت بلتستان میں بھی صحت کے مفت ادارے کھڑے کرنا چاہتا ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ گلگت کے ہر ضلعے میں یونیورسٹی کا کیپمس ہو تاکہ غریب کا بچہ بھی تعلیم حاصل کرسکے۔ سندھ حکومت نے مزدوروں کے لیے پالیسی بنائی ہے ، گلگت کے مزدوروں کے لیے بھی مزدور کارڈ کا پروگرام شروع کریں گے۔
Load Next Story