زاہد محمود کی قومی ٹیم کے دروازے پر پھر زوردار دستک

قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں 10وکٹیں اڑا دیں، سدرن پنجاب نے شاندار فتح سے کھاتہ کھول لیا، ناردرن کو شکست

فوادعالم کی سنچری نے سندھ اور سینٹرل پنجاب کے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا،خیبرپختونخوا مشکلات کا شکار۔ فوٹو: فائل

لیگ اسپنر زاہد محمود نے قومی ٹیم کے دروازے پر پھرزوردار دستک دے دی جب کہ قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں انھوں نے 10 وکٹیں اڑا دیں۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں چار روزہ میچ کا فیصلہ تیسرے دن ہی ہوگیا، سدرن پنجاب نے گذشتہ سال کی فائنلسٹ ناردرن کو اننگز اور 96 رنز سے ہرا دیا، تیسرے روز کا 31 رنز3 وکٹ سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم 65.1 اوورز میں 246پر آؤٹ ہوگئی، حماد اعظم نے 79 رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے لیگ اسپنر زاہد محمودنے 57 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یوں انھوں نے میچ میں 10شکار کیے۔ یاد رہے کہ ناردرن کی ٹیم پہلی اننگز میں 165پر ڈھیر ہوگئی تھی، جواب میں سدرن پنجاب نے طلعت حسین کے 253 اور کپتان شان مسعود کے 134 رنز کی بدولت 507 رنز 9 وکٹ پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی۔

ادھرنیشنل اسٹیڈیم میں فواد عالم کی سنچری نے سندھ کوسینٹرل پنجاب کے خلاف 32 رنز کی سبقت دلا دی، دن کے اختتام تک 4 وکٹ پر 120 رنز بنانے والی مہمان ٹیم نے 88 رنز کی مجموعی سبقت حاصل کرلی، عثمان صلاح الدین 35 اور محمد سعد 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ محمد عمر اور محمد اصغر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔


قبل ازیں سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں 239 رنز بناکرآؤٹ ہوئی، دن کا آغاز 90 کے انفرادی اسکور سے کرنے والے فواد عالم فرسٹ کلاس کرکٹ میں 35 ویں سنچری مکمل کرتے ہوئے 115 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تابش خان نے 24 رنز بنائے، وقاص مقصود نے 4اور حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں بلوچستان اور کے پی کا میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا، کے پی کو جیت کیلیے آخری روزمزید 280 رنز جبکہ بلوچستان کو6 وکٹیں درکار ہوں گی۔ 413 رنز کا ہدف پانے والے خیبر پختونخوا کے تیسرے روز 133 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، عادل امین 56 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، کامران غلام نے 51 رنز بنائے، کاشف بھٹی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل 195 رنز کی سبقت پانے والی بلوچستان کی ٹیم نے 8وکٹ پر 217 رنز پر دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، سمیع اسلم نے 48 اور یاسر شاہ نے41رنز بنائے، تیمور علی 41پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے ساجد خان نے دوسری باری میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 
Load Next Story