لاہور میں تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی ہزاروں کارکنوں کی شرکت

ریلی کی سربراہی عمران خان کررہے ہیں جبکہ امیر جماعت اسلامی منور حسن اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید بھی موجود ہیں۔

عمران خان کے ہمراہ شیخ رشید اور منور حسن بھی موجود ہیں، فوٹو: ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف کی جانب سے ملک میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی میں ہزاروں کارکن شریک ہیں۔

لاہور میں تحریک انصاف کی جانب سے مہنگائی کے خلاف جلسے اور ریلی کی سربراہی عمران خان کررہے ہیں جن کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید بھی موجود ہیں۔ ریلی میں شاہ محمود قریشی اور مخدوم جاوید ہاشمی کے علاوہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، مرکزی و صوبائی رہنما اور ہزاروں کارکن شریک ہیں۔


احتجاجی ریلی اور جلسے کے پیش نظر تحریک انصاف نے مال روڈ کو بینرز، تحریک انصاف کے پرچموں اور سائن بورڈز سے بھردیا ہے اس کے علاوہ استنبول چوک میں کارکنوں کو خوش آمدید کہنے کے لئے خصوصی کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے۔ احتجاجی ریلی اور جلسے کے دوران تحریک انصاف اور پنجاب حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، استنبول چوک سے پنجاب اسمبلی تک آنے والی راستوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری استنبول چوک سے چیئرنگ کراس اور مال روڈ پر تعینات کی گئی ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو ریلی سے روکا نہیں جائے گا تاہم ہائیکورٹ کے حکم پر مال روڈ پر دفعہ 144 نافذ ہے، تحریک انصاف کی قیادت کو عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔ جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی ریلی پر امن ہوگی لیکن اگر کسی نے شرارت کی کوشش کی تو ذمہ دار وہ خود ہوں گے
Load Next Story