زمبابوین ٹیم ماضی میں پاکستان کاآسان شکار ثابت

59ون ڈے میچز میں صرف 4میں فتح پائی، 52میں شکست کا سامنا کیا

59ون ڈے میچز میں صرف 4میں فتح پائی، 52میں شکست کا سامنا کیا۔ فوٹو : فائل

زمبابوین ٹیم ماضی میں پاکستان کا آسان شکار ثابت ہوتی رہی ہے، انہوں نے 59ون ڈے میچز میں صرف 4میں فتح پائی جب کہ 52میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ماضی میں پاکستان کیخلاف زمبابوین ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی،دونوں کے مابین ابھی تک59ون ڈے میچزکھیلے جا چکے،ان میں سے گرین شرٹس نے 52میں کامیابی حاصل کی، زمبابوے نے 4میں فتح پائی، ایک میچ ٹائی ہوا، 2 بے نتیجہ رہے۔

پاکستان کا زمبابوے کیخلاف سب سے بڑا ٹوٹل399 اور کم سے کم 148رہا،2018میں ہونے والی گذشتہ باہمی سیریز میں پاکستان نے میزبان زمبابوے کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 5-0 سے کلین سوئپ مکمل کیا تھا، چوتھے میچ میں فخرزمان نے 210کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ون ڈے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔


اوپنر نے اس سیریز میں 257کی اوسط سے 515رنز بنائے،اس میں ایک ڈبل سمیت 2 سنچریاں شامل تھیں،امام الحق کا بیٹ بھی خوب چلا،انھوں نے 79کی ایوریج سے 395رنز جوڑے اور3تھری فیگر اننگز کھیلیں،بابر اعظم نے ایک سنچری سمیت 184رنز بنائے تھے،بولرز میں فہیم اشرف،عثمان شنواری اور شاداب خان نے 9،9 شکار کیے تھے، بہترین بولنگ فہیم اشرف نے کی، انھوں نے صرف 22رنز دے کر 5وکٹیں اڑا دیں تھیں۔

اس سے قبل زمبابوین ٹیم مئی 2015میں پاکستان آئی تو ابتدائی دونوں میچ ہار گئی، تیسرا بے نتیجہ رہا تھا،اسی سال اکتوبر میں ہرارے میں کھیلے جانے والی سیریز میں گرین شرٹس نے پہلا میچ جیتا، دوسرے میں غیر متوقع شکست کا سامنا کیا، تیسرے میں کامیابی کے ساتھ سیریز اپنے نام کرلی۔

 
Load Next Story