وزیر اعظم کا گلگت بلتستان کو صوبائی حیثیت دینے کا اعلان

اب گلگت بلتستان کے ایم این ایزاور سینیٹر پارلیمنٹ میں پہنچیں گے، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان

وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کے قومی دن پر صوبائی حیثیت دینے کا علان کیا(فوٹو، فائل)

وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کو مد نظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اتوار کو گلگت بلتستان کے 73 ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف کام یابی سے لڑ رہی ہیں اور ملک کو غیر مستحکم بنانے کی کوششوں کو ناکام بنا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا واحد وزیراعظم ہوں جو گلگت بلتستان کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کے لیے آیا ہوں۔ آئندہ ہر سال اس تقریب میں شریک ہوا کروں گا۔

یہ خبر بھی دیکھیے: قوم دیکھے گی کس کے ماتھے پر پسینہ آتا ہے اور کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں، وزیر اعظم

تقریب سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقعے پر وزیر اعظم عمران خان نے گلگت اسکاؤٹس کے شہدا کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔


‏بعد ازاں مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گلگت بلتستان قومی دھارے میں شریک، صوبہ بن گیا۔اب گلگت بلتستان کے ایم این ایزاور سینیٹر پارلیمنٹ میں پہنچیں گے۔ فاٹا کے بعد گلگت بلتستان کی بھی تقدیر بدل گئی، عوام کو مبارکباد، شکریہ ‪عمران خان! ۔



وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی اپنے ٹوئٹ میں گلگت بلتستان کے عوام کو صوبائی حیثیت ملنے پر مبارک باد دی۔



واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 15 نومبر کو منعقد ہورہے ہیں اور وزیر اعظم اس کے لیے صوبائی عبوری حیثیت دینے کے اعلان کیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا سیاسی نہیں سیکیورٹی معاملہ ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر
Load Next Story