ساہیوال لین دین کا تنازع 2 بچوں کو آگ لگا دی گئی

5سالہ عبدالرحمان اورکزن 5 سالہ نمرہ جھلس کر زخمی، ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل

ملزم محسن گرفتار، بچے پہاڑیاں دیکھ رہے تھے، رش میں موم بتی سے آگ لگی، پولیس

تھانہ فرید ٹاؤن کی حدود 89سکس آر میں پہاڑیاں دیکھتے ہوئے محسن نامی لڑکے نے مبینہ طور پر 2بچوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔


دونوں بچے جھلس کر زخمی ہوگئے جنھیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، نواحی گاؤں میں لین دین کے تنازع پر محسن نے مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر نوید رحمانی کے بیٹے 5سالہ عبدالرحمان اور بھتیجی 5سالہ نمرہ کو آگ لگا دی جس کے نتیجہ میں دونوں بچوں کے بازو اور جسم جھلس گیا۔

بچوں کے والد کے مطابق محسن کے والد جاوید سے چند روز قبل پیسے کے لین دین کیلیے تکرار ہوئی تھی جس کا باپ بیٹے کو رنج تھا ، محسن کے باپ نے پاس کھڑے ہوکر اپنے بیٹے کو آگ لگانے کا کہا، نمرہ کے والد غلام مصطفیٰ نے مقدمہ کیلیے پولیس کو درخواست دیدی لیکن تاحال مقدمہ درج نہ ہوسکا ، ایس ایچ او زمان وٹو کے مطابق بچے پہاڑیاں دیکھ رہے تھے، رش کے باعث موم بتی سے آگ لگی، پولیس نے ملزم محسن کو گرفتار کر لیا۔
Load Next Story