ن لیگ کے ورکرز کنونشن میں خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماؤں پر حملہ کرنے والا گرفتار

ملزم سے چھرے لگی زنجیر، جیکٹ سے آہنی پلیٹیں بھی برآمد، تفتیش کا آغاز کردیا گیا

ملزم سے چھرے لگی زنجیر، جیکٹ سے آہنی پلیٹیں بھی برآمد، تفتیش کا آغاز کردیا گیا (فوٹو: فائل)

راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن میں خاقان عباسی سمیت دیگر قائدین پر حملے کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن کے دوران سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اسٹیج پر بیٹھے مرکزی قائدین کو مبینہ طور کو موبائل فون مارنے کی کوشش کرنے والے مشکوک شخص کے خلاف انتشار پھیلانے کی کوشش اور چھرے لگی زنجیر کے ساتھ پولیس کو دھمکیاں دینے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم کی تلاشی کے دوران جیکٹ سے آہنی پلیٹیں بھی برآمد ہوئیں جس سے وسیع پیمانے پر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔


تھانہ نصیر آباد کے علاقے میں مسلم لیگ (ن) کا ورکرز کنونشن جاری تھا کہ اچانک ایک مشکوک شخص نے موبائل فون اسٹیج پر بیٹھے مرکزی قائدین کی جانب پھینک دیا جن میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر قائدین شامل تھے۔

حملے میں قائدین محفوظ رہے اور موبائل فون وہاں نصب پینا فلیکس سے ٹکرا کر گرگیا بعد ازاں پولیس نے کوٹھا کلاں سے تعلق رکھنے والے مشکوک شخص افضال کو قابو کرلیا۔ تھانہ نصیر آباد پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جس میں ورکرز کنونشن کی سیکیورٹی پر متعین اے ایس آئی ثاقب خان نے تحریر کیا کہ ملزم کو قابو کرکے پارکنگ میں پہنچایا تو ملزم نے جیکٹ میں چھپائی گئی زنجیر جس کے سروں پر پانچ چھرے لگے ہوئے تھے نکال لی اور دھمکی دی کہ کوئی قریب آیا تو نقصان اٹھائے گا جس پر اس سے زنجیر قبضے میں کرلی۔

پولیس کے مطابق جیکٹ کی تلاشی لینے پر جیبوں سے آہنی و جستی چادر کی چار مختلف پلیٹیں بھی برآمد ہوئیں، ملزم کے فعل سے شدید انتشار اور نقص امن کا خطرہ پیدا ہوا جس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سے وسیع پیمانے پر تفتیش کا آغاز کردیا گیا یے۔
Load Next Story