بھارت میں پولیس کی دھمکیوں سے تنگ مسلم خاندان نے خودکشی کرلی

مجبور و بے کس مسلم خاندان نے خودکشی سے قبل ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کیا تھا جو وائرل ہو گیا

مجبور و بے کس مسلم خاندان نے خودکشی سے قبل ویڈیو بیان ریکارڈ کیا، فوٹو : بھارتی میڈیا

بھارت میں پولیس نے چوری کا جھوٹا الزام عائد کرکے مسلم خاندان کو مسلسل ہراساں کیا جس پر تنگ آکر عبدالسلام نے اہل خانہ سمیت ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آندھرا پردیش کے ایک گاؤں کے رہائشی 42 سالہ عبدالسلام نے اپنی اہلیہ 36 سالہ اسکول ٹیچر، 14 سالہ بیٹی سلمیٰ اور 10 سالہ بیٹے داتا قلندر کے ہمراہ تیز رفتار ٹرین کے آگے کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

خودکشی سے قبل عبدالسلام نے خاندان کے ہمراہ ویڈیو بیان میں بتایا کہ اُن پر چوری کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس انہیں اور گھر والوں کو بار بار ہراساں کر رہی ہے اور ڈرا دھمکا رہی ہے اس لیے میں خاندان کے ہمراہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے جا رہا ہوں۔


عبدالسلام نے مزید کہا کہ میں نے چوری نہیں کی پھر بھی مجھے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ ہم غریب اور مجبور و بے کس ہیں، یہاں کوئی ہماری مدد کو تیار نہیں۔ خاندان نے یہ ویڈیو تیلگو زبان میں ریکارڈ کی تھی۔

خودکشی کا یہ واقعہ ایک ہفتے قبل پیش آیا تھا تاہم ویڈیو سوشل میڈیا پر اب وائرل ہوئی جس پر سرکل پولیس انسپکٹر سوما شیکھر ریڈی اور ہیڈ کانسٹیبل گنگا دھر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

گرفتار اہلکاروں کیخلاف خودکشی کے لیے مجبور کرنے، نقصان پہنچانے اور خطرناک ہتھیاروں سے رضاکارانہ طور پر نقصان پہنچانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

 
Load Next Story