بھارت کا دہشت گرد تنظیموں سے گٹھ جوڑ پاکستان نے ڈوزیئر تیار کرلیا

یہ گٹھ جوڑ پاکستان اور خطے میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے، ذرائع

 پاکستان میں اقلیتوں سے متعلق بھارتی بے بنیاد الزامات مسترد ، پاکستان کی ہالینڈ میں سعودی سفارتخانے پر فائرنگ کی مذمت فوٹو:فائل

پاکستان نے بھارتی مداخلت اور اس کے دہشت گرد تنظیموں سے گٹھ جوڑ سے متعلق ڈوزیئر تیار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق یہ ڈوزیئر اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کو پیش کیا جائے گا، ڈوزیئر میں بھارتی شہر کریلہ اور کرناٹک میں داعش اور بھارتی انتہا پسند تنظیموں اور ان کے افغانستان میں موجود رابطوں کے شواہد کی نشاندہی کی گئی ہے۔


بھارت اور دہشت گرد تنظیموں کا یہ گٹھ جوڑ پاکستان سمیت خطے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، مزید کارروائیوں کیلیے ان تنظیموں کے درمیان رابطے جاری ہیں۔

دریں اثنا ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان میں اقلیتوں کے غیر محفوظ ہونے اور دہشت گردی کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں کے خلاف نارروا سلوک اور دہشت گردی سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

مزید برآں پاکستان نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں سعودی سفارت خانے پر فائرنگ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شرم ناک واقعہ تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ڈچ حکام کی طرف سے بروقت جوابی کارروائی قابلِ ستائش ہے۔
Load Next Story