’’ڈینو وی مس یو ‘‘کرکٹرز نے ڈین جونز کی یادیں تازہ کرلیں

احترام میں خاموشی اختیار،گراؤنڈ میں جمع ہوکر نام کا پہلا حرف ’’ڈی‘‘ بنایا

سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شرکت، ڈگ آؤٹ میں کٹ آؤٹ رکھا گیا۔ فوٹو: اسکرین گریب

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستانی کرکٹرز نے آنجہانی ڈین جونز کی یادیں تازہ کرلیں جب کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر کی تصویر لگا کر احترام میں خاموشی اختیار کی گئی۔

پی ایس ایل 5کے پلے آف مرحلے میں کوالیفائر میچ سے قبل آنجہانی ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،ملتان سلطانز اورکراچی کنگز کے درمیان مقابلہ شروع ہونے سے پہلے سابق آسٹریلوی کرکٹر کی تصویر لگا کر احترام میں خاموشی اختیار کی گئی،دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں جمع ہوکر ڈین جونز کے نام کا پہلا حرف ''ڈی'' بنایا، پلیئرز نے سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شرکت کی۔

دوسری جانب کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ اور لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم سابق ہیڈ کوچ ڈین جونز کو یاد کر کے افسردہ ہوگئے، انھوں نے سوشل میڈیا پر سابق کرکٹر کی نئی ڈائری میں پاکستان واپس آنے کی ایک یاد گار تحریر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جونز کو یہاں ہونا چاہیے تھا، ڈگ آؤٹ میں بھی ڈین جونز کا کٹ آؤٹ رکھا گیا تھا، وسیم اکرم اس کے ساتھ بیٹھے رہے۔


یاد رہے کہ ڈینو کے نام سے معروف کرکٹر اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ منسلک رہے، ان کی سرخ ڈائری بڑی مشہور ہوئی جس میں وہ نوٹس لکھتے رہتے تھے، اس کے بعد کراچی کنگز کی کوچنگ سنبھالی تو ڈائری کا رنگ نیلا ہوگیا، ڈین جونز کھلاڑیوں میں انتہائی مقبول تھے اور اپنی اہلیت کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔

انڈین پریمیئر لیگ کے سلسلے میں کمنٹیٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے سابق کرکٹر 24 ستمبر کی دوپہر دل کا دورہ پڑنے سے دارِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

 
Load Next Story