سلیکٹڈ وزیراعظم کی محض جلسوں سے ہی ٹانگیں کانپنے لگیں مریم نواز

حکومت کو اتنا خوف ہے کہ (ن) لیگ کے ہر جلسے سے پہلے رہنماؤں پر کریک ڈاؤن شروع ہوجاتا ہے، نائب صدر مسلم لیگ ن

حکومت کو اتنا خوف ہے کہ (ن) لیگ کے ہر جلسے سے پہلے رہنماؤں پر کریک ڈاؤن شروع ہوجاتا ہے، نائب صدر مسلم لیگ ن

KARACHI:
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کی محض جلسوں سے ہی ٹانگیں کانپنے لگیں۔

مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی غفار ڈوگر کی گرفتاری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب نواز شریف کی طرح عوام کا منتخب وزیر اعظم ہو تو 126 دن کا دھرنا بھی ناکام ہوتا ہے مگر جب سلیکٹڈ ہوں تو محض جلسوں سے ٹانگیں کانپنے لگ جاتی ہیں، اتنا خوف ہے مسلم لیگ (ن) کے ہر جلسے سے پہلے وہاں کے رہنماؤں پر کریک ڈاؤن شروع ہوجاتا ہے۔ حکومت کو انشاءاللہ گھر تو جانا ہی پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی غفار ڈوگر کرپشن کے الزام میں گرفتار


مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلسے پہلے بھی ہوتے آئے ہیں اور انشاءاللہ ملتان کا جلسہ بھی اپنے مقررہ وقت پر ہوگا، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت جتنےاوچھے ہتھکنڈےاستعمال کرلے یہ ہمارے کارکنوں کےجذبے، ہمت اور حوصلے کو پست نہیں کرسکتے، عبدالغفار ڈوگر صاحب کا جرم یہی ہےکہ وہ نوازشریف صاحب کےبیانیےکا علم بلند کیےہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں مریم نواز نے گلگت بلتستان الیکشن پر اپنے بیان میں کہا کہ انتخابات میں ماضی کی نسبت خواتین کی انتخابی عمل میں بھرپور شمولیت خوش آئند ہے، مشکل موسمی حالات میں گلگت بلتستان کے عوام بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے نکلے ان کو سلام پیش کرتی ہوں، الیکشن کمیشن بے ضابطگیوں کی شکایات پر ایکشن نہیں لے رہا جو افسوسناک ہے، الیکشن کمیشن ووٹوں کے ڈالنے اور ووٹوں کی گنتی کے عمل کو شفاف بنائے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ 30 نومبر کو ملتان میں منعقد کیا جائے گا اور ملتان میں غفار ڈوگر کی گرفتاری کو اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
Load Next Story