خالی اسٹینڈز سے نیشنل اسٹیڈیم نیوٹرل وینیو بن گیا

تماشائیوں کے بغیرکراچی کنگز کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ نہیں ہوگا،عاقب جاوید

لاہورقلندرزکے بولرزکوبابر اعظم کیخلاف بہترین بولنگ کرنا ہوگی،کوچ فوٹو : فائل

MIRPUR:
خالی اسٹینڈز نے نیشنل اسٹیڈیم کو نیوٹرل وینیو بنا دیا۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائیٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ''کرکٹ کارنر ود سلیم خالق'' میں گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل 5کے فائنل میں کراچی کنگز کو ہوم گراؤنڈ کا کوئی فائدہ نہیں ہوناکیونکہ سپورٹ کیلیے اسٹینڈز میں تماشائی ہی موجود نہیں ہوں گے،اگر کراؤڈ آتا تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔

انھوں نے کہا کہ ہم فیصلہ کن معرکے کیلیے تیار اور پْراعتماد ہیں کہ ٹائٹل اپنے نام کریں گے۔انھوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کی بیٹنگ کا زیادہ تر انحصار بابر اعظم پر ہے،لاہور قلندرز کے بولرز کو ان کیخلاف بہترین بولنگ کرنا ہوگی،مشکل لائن اور لینتھ پر گیند کرتے ہوئے انھیں دباؤ میں لانے اور ان کاگیم تبدیل کرنے کی کوشش کریں گے۔


سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ لاہور قلندرز میں شامل غیر ملکی کرکٹرز ہوسکتا ہے کہ بڑے نام نہ ہوں لیکن وہ پرفارم کررہے ہیں،ڈیوڈ ویزا اور سمت پٹیل کی ایلیمنیٹر ٹو میں کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ بین ڈنک اور تمیم اقبال بھی پختہ کار اور مفید کرکٹرز ہیں،ان چاروں میں سے ہر کوئی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایک سوال پر عاقب جاوید نے کہا کہ گذشتہ سیزنز میں ہمارے کھلاڑی اہم مواقع پر فٹنس مسائل کا شکار یا آؤٹ آف فارم ہوتے رہے،اس بار کرس لین کے سوا تمام کرکٹرز پورے ایونٹ کے دوران دستیاب اور ٹیم ردھم میں رہی۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز اورلاہور قلندرزکے درمیان فائنل منگل کونیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
Load Next Story