قائداعظم کے اصولوں تنظیم اتحاد اور یقین محکم پر عمل سے ملک ترقی کرسکتا ہے فنکار

قائداعظم 20 ویں صدی کے عظیم رہنما اورپاکستان کو ناقابل تسخیر جمہوری و فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے،کاشف،شازیہ،جواد احمد

اسلاف کے کارناموں کی رہنمائی میں چلنے والی قومیںسربلندرہتی ہیں، فوٹو: فائل

پاکستان کو باوقار اور قابل احترام بنانے کے لیے ہر شہری کو قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں کی پیروی کرنا ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان فلم ،ٹی وی اور اسٹیج کے اداکاروں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 137ویں یوم پیدائش کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اداکار قوی خان نے کہا کہ اس وقت ملک کی ترقی اور خوشحالی قائداعظم کے بتائے گئے اصولوں اتحاد ، ایمان اور تنظیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اداکارہ جویریہ عباسی نے کہا کہ قائداعظم 20 ویں صدی کے عظیم رہنما تھے۔کاشف محمود نے کہا کہ انھوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے حصول کی خاطر غیر متزلزل جدوجہد کی ۔



ماڈل واداکارہ شازیہ شاہ نے کہا کہ قائداعظم پاکستان کو ناقابل تسخیر جمہوری و فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے۔گلوکار جواد احمد نے کہا کہ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات محنت کرنا ہو گی۔اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے رہنماء اصولوں تنظیم، اتحاد اور یقین محکم پر عمل ہے اور یہی وہ اصول ہیں جن کے ذریعے ہم ملک کو مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔




نبیل نے کہا آج کا دن ہمارے لیے انتہائی اہم ہے، تاریخ شاہد ہے کہ دنیا میں وہی قومیں سربلند رہی ہیں جو اپنے اسلاف کے کارناموں کو رہنماء رکھتے ہوئے منزل کی طرف گامزن رہیں۔ماڈل واداکارہ نہیا لاج نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ظلم، ناانصافی کے خلاف رہے۔ گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ آپ نے ہر پلیٹ فارم سے نہ صرف برصغیر کی بلکہ بین الاقوامی حدود میں ہونے والی ناانصافیوں، ظلم اور دہشت گردی کی کھلے الفاظ میں مذمت کی اور ان کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔



اے نیئر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ باہمی اتحاد اور بھائی چارے کو عوام کے درمیان فروغ دینے پر زور دیا۔مصنف وہدایتکار سیدنور نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہئیے کہ اسلام کی سربلندی، پاکستان کی ترقی اور عالمی سطح پر قوم کا وقار بلند کرنے کے لیے کسی بھی مرحلہ پر قربانی سے گریز نہیں کریں گے اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق آگے بڑھیں گے۔
Load Next Story