فٹنس مسائل سے دوچار فاسٹ بولر حسن علی انجری سے نجات نہ پاسکے

حسن علی نے قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے

حسن علی نے انجری سے نجات کے بعد اب تک قائد اعظم ٹرافی کے 2 میچز میں نمائندگی کی ہے فوٹو: فائل

لاہور:
فٹنس مسائل سے دوچار فاسٹ بولر حسن علی انجری سے نجات نہیں پاسکے جس کی وجہ سے وہ قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راونڈ میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فٹنس مسائل سے دوچار فاسٹ بولر حسن علی اپنی انجری سے مکمل نجات نہیں پاسکے ، پی سی بی کے میڈیکل پینل کی تجویز پر انہوں نے قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


حسن علی نے کمر کی تکلیف سے نجات پانے کے بعد ابھی تک قائد اعظم ٹرافی کے 2 میچز میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کی ہے، جن میں سندھ کے خلاف میچ میں انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ناردرن کے خلاف کھیلے گئے میچ میں وہ 6.2 اوورز کرانے کے بعد ہی گراونڈ سے باہر چلے گِئے تھے، اس میچ میں ان کی وکٹوں کی تعداد دو رہی ہے۔

دوسری جانب اظہر علی کی جگہ عثمان صلاح الدین سینٹرل پنجاب کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ عمران فرحت بلوچستان ٹیم کی قیادت کریں گے، ان سے پہلے یاسر شاہ اور عمران بٹ کپتان تھے۔
Load Next Story