عرب سفارتخانے کے نام پر درآمد 6 ہزار شراب کی بوتلیں ضبط

کنسائمنٹ کے لیے 600شراب کی بوتلیں ظاہر کی گئی تھیں

کنسائمنٹ کے لیے 600شراب کی بوتلیں ظاہر کی گئی تھیں فوٹو: فائل

اسلام آباد:
پاکستان کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سفارتخانے کے نام پر درآمد کی جانے والی شراب کا کنسائمنٹ پکڑلیا ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ مذکورہ کنسائمنٹ کی کلئیرنس حاصل کرنے کے لیے کسٹمز پورٹ کلکٹریٹ میں 600شراب کی بوتلیں ظاہر کی گئی تھی لیکن موصولہ خفیہ اطلاع پر کسٹمز ایگزامنیشن میں 6 ہزار شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔


ذرائع نے بتایا محکمہ کسٹمز میں داخل کردہ گڈزڈیکلریشن میں شراب کی مالیت صرف 2350ڈالر ظاہر کی گئی تھی جبکہ حقیقی معنوں میں کنسائمنٹ کی مالیت تقریبا 23500ڈالر بنتی ہے۔ شراب کا مذکورہ کنسائمنٹ محمد علی سعید نامی شخص نے عرب امارات کے اسلام آباد میں قائم سفارتخانے کے نام پربھیجا تھا۔

شراب کے کنسائمنٹ کی جانچ پڑتال کے دوران کسٹم حکام نے متعلقہ سفارتخانے سے استفسار کیا تو سفارتخانے کے حکام نے اس کنسائمنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیاہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کسٹم حکام نے مقدمہ درج کرکے شراب ضبط کرلی ہےاور ملزمان کے خلاف کارروائی کا بھی آغاز کردیاہے۔
Load Next Story