بھارتی ریاست بہار میں غیر شادی شدہ خواتین پر موبائل فون کے استعمال پر پابندی

گاؤں کے سیکڑوں خاندانوں سے پابندی پر رائے طلب کی تھی جس کے بعد ہی اس کا اعلان کیا گیا ہے، سربراہ پنچایت

غیر شادی شدہ خواتین پر موبائل فون کی پابندی کا اطلاق گھر والے خود کرائیں گے۔ پنچایت کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

بھارتی ریاست بہار کے گاؤں کی پنچایت نے غیر شادی شدہ خواتین کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کے روز ریاست بہار کے ضلع چمپارن کے گاؤں سومراگھ کی پنچایت نے فیصلہ دیا کہ گاؤں کی کوئی بھی غیر شادی شدہ لڑکی موبائل فون استعمال نہیں کرے گی، اس پابندی کا اطلاق گاؤں میں بسنے والا ہر خاندان اپنے طور پر کرے گا، اگر کوئی لڑکی اس پابندی کی خلاف ورزی کا مرتکب پائی گئی تو اس خاندان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ گاؤں کی پنچایت کے عبوری سربراہ حامد انصاری کا کہنا ہے کہ اس پابندی کے سلسلے میں انہوں نے گاؤں کے سیکڑوں خاندانوں سے رائے طلب کی تھی جس کے بعد ہی انہوں نے اس کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب ریاست بہار کے پنچایتی امور کے وزیر بھیم سنگھ کا کہنا ہے کہ اس قسم کے کسی بھی فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، کسی بھی پنچایت کی جانب سے اس قسم کی پابندی غیر قانونی اورغیر آئینی ہے، اگر گاؤں کے کسی فرد نے پنچایت کے فیصلے کی شکایت درج کرائی تو کارروائی کی جائے گی۔
Load Next Story