لنڈا بازار کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے لئے بڑا خطرہ

استعمال شدہ کپڑے ان ممالک سے درآمد کئے جارہے ہیں جہاں کورونا نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے

پرانے کپڑوں کو جراثیم سے پاک کئے بغیر ریڑھیوں پرڈھیر لگا کرفروخت کیاجارہا ہے فوٹو: فائل

سردیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد لنڈابازار کے استعمال شدہ کپڑے اورجوتے استعمال کرتی ہے ،یہ استعمال شدہ کپڑے اور جوتے ایسے ممالک سے امپورٹ کئے جاتے ہیں جہاں کورونا وائرس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں اورلاکھوں لوگ اس سے متاثرہیں۔

لاہور میں پرانے کپڑے اور جوتے فروخت کئے جانے کے اب کئی بازارہیں تاہم نولکھا چوک حاجی کیمپ کے قریب سب سے بڑا لنڈا بازار ہے جہاں پرانے گرم کپڑے،کوٹ، جیکٹس اورجوتے باآسانی مل جاتے ہیں دوردرازسے متوسط اورغریب طبقے کے لوگ یہاں خریداری کرتے نظرآتے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیارکرتی جارہی ہے اورحکومت کی طرف سے بازاروں ، مارکیٹوں میں خریداری کے لئے آنیوالوں کو ایس اوپیز پرعمل درآمد کی ہدایت کی جارہی ہے لیکن عملی طورپرلنڈابازارمیں صورتحال انتہائی تشویش ناک دکھائی دیتی ہے۔

لنڈا بازارم یں فروخت کئے جانیوالے استعمال شدہ کپڑے، کوٹ،پتلون اورجوتے ایسے ممالک سے درآمد کیے جاتے ہیں جہاں کورونا وائرس نے بڑی تباہی مچاہی ہے، ہزاروں لوگ ہلاک جبکہ لاکھوں اس وائرس کا شکارہیں، ان کپڑوں کو جراثیم سے پاک کئے بغیر ریڑھیوں پرڈھیر لگا کرفروخت کیاجارہا ہے، مختلف علاقوں سے آنیوالے خریدار ان کپڑوں کو چھوتے اور چیک کرتے ہیں۔ یہ عمل کورونا وائرس پھیلنے کا سبب بن سکتا ہے، خریدار بھی اس خطرے کو سمجھتے ہیں۔


ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے خریداروں کا کہنا تھا پہلے دکاندار کہتے تھے عمران خان کی حکومت نے مہنگائی کردی ہے اب کہتے ہیں کورونا کی وجہ سے چیزیں مہنگی ہوگئی ہیں، منافع خوروں کو مہنگائی کرنے کوئی نہ کوئی بہانہ مل جاتا ہے۔ایک خاتون رابعہ نے بتایا کورونا کا خطرہ توہے لیکن سردیوں میں بچوں کے لئے نئے اور برانڈڈ گرم کپڑے خریدنے کی بھی سکت نہیں ہے اس لئے لنڈے سے کپڑے خریدنا مجبوری ہے۔

دوسری طرٖف لنڈابازارکے دکانداروں کا کہنا ہے کورونا کی وجہ سے ان کا کاروبار متاثر ہوا ہے لوگوں کی قوت خریدکم ہوگئی ہے، رش تو ہے لیکن خریداری بہت کم لوگ کرتے ہیں۔ ایک دکاندار عابدحسین کا کہنا تھا پاکستان میں زیادہ تراستعال شدہ کپڑے اورجوتےامریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا سے درآمد کیاجاتا ہے ،لیکن اس سال ان ممالک سے بہت کم مال منگوایا گیا ہے۔لاہورکے لنڈابازاروں میں جو مال فروخت ہورہا ہے وہ کچھ توپرانا سٹاک ہے اورکچھ کراچی سے منگوایا گیا ہے جہاں بڑے درآمدکندگان ہے اورانہوں نے پچھلے سال کامال سٹاک کررکھا ہے۔دکانداروں کے مطابق استعمال شدہ کپڑوں اورجوتوں کی قیمیتوں میں 30 سے 40 فیصد تک اضافہ ہواہے،عام کوٹ جوپہلے 400 روپے کا تھا اب 600 میں فروخت ہورہا ہے، جیکٹ کی قیمتوں میں 100 سے 200 روپے تک اضافہ ہوا ہے، جوتوں کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ لنڈا بازار کے استعمال شدہ کپڑوں کو جراثیم سے کیسے پاک کیا جائے ،ماہرین وبائی امراض کا کہنا ہے کہ یہ کپڑے کورونا وبا کے پھیلاؤ کا بڑا ذریعہ بن سکتے ہیں لہٰذا اس کے استعمال سے قبل انہیں گرم پانی سے اچھی دھو کر خوب دھوپ لگائی جائے اور اسے اپنے استعمال میں لایا جائے۔
Load Next Story