سرد رُتوں میں ’پاپوش‘ کا چناؤ۔۔۔

پیروں کے آرام دہ پہناوے کو بھی اہمیت دیجیے

پیروں کے آرام دہ پہناوے کو بھی اہمیت دیجیے۔ فوٹو: فائل

عالمی سطح پر بدلتے ہو ئے موسموں نے جہاں انسانی زندگی پر اثرات ڈالے ہیں، وہاں رہن سہن اور دیگر چیزوں میں بھی تغیرات آئے ہیں۔

گرمی اور سردی کی شدت میں پچھلے چند سالوں میں کافی شدت نوٹ کی گئی ہے۔ اسی بنا پر ہمارے ہاں بھی سردی میں خواتین کے پہناوؤں میں نمایاں تبدیلیاں نظر آرہی ہیں، وہ یہ کہ سردی میں پیروں کو موسم کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف کمپنیوں نے النواع اقسام کے جوتے، بوٹ اور چپلیں وغیرہ متعارف کرائی ہیں، جو نہ صرف سردی کی شدت کو کم کرنے میں معاون ہوتے ہیں، بلکہ خواتین کی جدت پسند طبیعت کو بھی تسکین پہنچاتے ہیں۔

ان جوتوں کے ذریعے جہاں خواتین کے فیشن اور نئے پن کے فطری احساس کو تقویت ملتی ہے، وہیں یہ کمپنیاں خوب منافع بھی حاصل کرتی ہیں۔ چند سالوں سے باقاعدہ ان جوتوں کی نمائشی تقریبات بھی منعقد ہو رہی ہیں، جس سے خواتین مزید ان جوتوں کے متعلق جان کاری حاصل کر کے اپنے لباس، جسمانی ساخت اور عمر کے مطابق ان جوتوں کا انتخاب کرتی ہیں۔

سردی کا پہلا اثر ہی ہاتھوں اور پیروں کے کھلے حصوں پر ہی ہوتا ہے اور ہاتھ پیروں کو اچھی طرح سے ڈھانپنے سے سردی سے کافی حد تک حفاظت ہو جاتی ہے۔ اس لیے سردی سے بچانے کے لیے معاون جوتوں کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

سردی لگے تو گرم کپڑے پہن کر سکون اور راحت ضرور مل جاتی ہے، لیکن اگر یہی ٹھنڈ پیروں کو جمانے لگے، تو پھر کبھی سوئیٹر بھی ناکافی لگنے لگتے ہیں۔ اس کے حل کے لیے، کسی نے اینکل بوٹس کو ترجیح دی، توکسی کی من پسند اور آرام دہ جوگرز کو۔ لانگ لیدر ڈریس بوٹس کا اسٹائل ہو یا پھر مڈ کالف لینتھ بوٹس کی ورائٹی۔ جس کی جو پسند، وہی پہناوے کا حصہ بنتا ہوا نظر آتا ہے۔

لیڈی اینکل بوٹس

فیشن کے اس دور میں لانگ بوٹس یا لیڈی اینکل بوٹس کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ یہ سردی سے بچانے کے ساتھ دل کش تاثر بھی دیتے ہیں، انھیں چوں کہ چمڑے سے بنایا جاتا ہے، اس لیے یہ صرف مخصوص رنگوں میں دست یاب ہوتے ہیں۔ یہ بہت آرام دہ اور دیر پا ہوتے ہیں۔ یہ بوٹس مختلف انداز کی 'ہیل' کے ساتھ بھی موجود ہیں اور خواتین میں بے حد مقبول ہیں۔ بالخصوص تقاریب وغیرہ کے لیے خواتین ان کا انتخاب کرتی ہیں اور مرکزِ نگاہ بن جاتی ہیں۔

مڈ کالف

سلوچ بوٹس


یہ ہمارے پیروں کو پنڈلیوں تک ڈھانک دیتے ہیں۔ اس میں 'سائیڈ زپ' بھی ہوتی ہے، جو آپ کے پہننے میں آسانی فراہم کرتی ہے۔ 'اسپورٹس ویمن' اس کا انتخاب بہت شوق سے کرتی ہیں۔ یہ بوٹس برانڈڈ لیدر سے بنوائے جاتے ہیں۔ قیمتاً مہنگے ہوتے ہیں، لیکن موسم کی شدت میں بہترین ثابت ہوتے ہیں اور آپ کی شخصیت کو ایک انفرادیت بھی عطا کرتے ہیں۔

کالف بوٹس

دیکھنے اور استعمال میں کالف بوٹس بھی مڈ کالف سلوچ بوٹس جیسے ہی ہیں، لیکن اس کی لمبائی کچھ کم ہوتی ہے اور ٹخنوں سے کچھ اوپر تک جاتی ہے، اس میں زپ نہیں ہوتی، لیکن اس کی بناوٹ میں اوپر کی جانب موزے نما سلوٹیں ہوتی ہیں، اس کی بناوٹ اور اسٹائل منفرد اور جداگانہ ہوتا ہے، جو خواتین میں خوب پسند کیا جاتا ہے۔ جن خواتین کو گھٹنوں تک والے سلوچ بوٹس پسند نہیں ہوتے، وہ کالف بوٹس کا انتخاب کرتی ہیں۔

فرشوز یا چپل

فرشوز اور چپل جدت پسندی کی ایک کڑی ہیں۔ 'فر' دراصل ایک نرم اون ہوتا ہے، جسے جوتوں اور چپلوں میں لگا کر انھیں جاذبِ نظر، آرام دہ اور گرم بنایا جاتا ہے۔ یہ پیروں کو بہت زیادہ حرارت تو نہیں دیتے، مگر کسی حد تک شدید موسم سے بچاؤ کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔ 'فر چپل' کا انتخاب عموماً گھریلو خواتین کرتی ہیں، جب کہ 'فر شوز' اسکول، کالج گرلز کا انتخاب بنتے ہیں۔ فر شوز اور چپل مارکیٹ میں مختلف اور دیدہ زیب رنگوں میں دست یاب ہیں، انھی خوب صورت رنگوں کے امتزاج کے باعث، انھیں بہت پسند کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ قیمتاً بھی مناسب ہوتے ہیں، اس وجہ سے عام طبقے کی پہنچ میں ہوتے ہیں، مگر فر کی بھی مختلف کوالٹیاں ہوتی ہیں، اچھی اور اعلیٰ کوالٹی والے فر شوز صرف برانڈڈ کمپنیاں ہی بناتی ہیں، جو مہنگے داموں ملتے ہیں۔ لیکن ان میں درمیانے درجے کے فر شوز اور چپل بھی مناسب اور دیرپا ثابت ہوتے ہیں۔

جوگرز

'جوگرز' کا نام سن کر جوگنگ یا ٹریکنگ کا خاکہ ذہن میں ابھرتا ہے، مگر سردی کی شدت سے بچاؤ کے لیے بھی جوگرز مفید اور کار آمد ثابت ہوتے ہیں۔ جن خواتین کو لیدر اور فر سے الرجی ہوتی ہے، وہ جوگرز کا انتخاب کر کے شدید موسم سے بچاؤ کا سامان کرتی نظر آتی ہیں۔ جوگرز آرام دہ اور گرم ہونے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں مناسب قیمت میں دست یاب ہوتے ہیں۔ عام کمپنی کے جوگرزبھی قدرے معیاری ہوتے ہیں،جو عام طبقے کی پہنچ میں ہوتے ہیں۔

الغرض، سردی کی شدت سے بچاؤ کے لیے خواتین ہائی ہیل بوٹس، اینکل بوٹس ،اسپول ہیل بوٹس اور کئی قسم کے ایسے بوٹس اور شوز کا استعمال کرتی نظر آتی ہیں، جو انھیں موسم کی شدت سے محفوظ بھی رکھتے ہیں اور جاذب نظر بھی بناتے ہیں۔ یہ ہائی ہیل اور اینکل بوٹس سرد و خشک موسم کا اہم پہناوا سمجھے جاتے ہیں، جس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، چوں کہ خواتین فطری طور پر حسین نظر آنے کی خواہاں ہوتی ہیں اور اسی خواہش کے لیے ہر آن کوشاں رہتی ہیں، ان جوتوں اور بوٹس کا چناؤ اس حوالے سے کافی کارآمد ثابت ہوگا۔
Load Next Story