ایک کروڑ ڈالر کی بدعنوانی کا الزام دو نوٹسز کے باوجود حفیظ شیخ نیب کے سامنے پیش نہ ہوئے

سابقہ حکومت میں کیئر پروجیکٹ کے تحت سسٹم نہیں لگا جس کے باوجود کمپنی ’’اگیلیٹی‘‘ کو ادائیگی کردی گئی، نیب کراچی

سابقہ حکومت میں کیئر پروجیکٹ کے تحت سسٹم نہیں لگا جس کے باوجود کمپنی ’’اگیلیٹی‘‘ کو ادائیگی کردی گئی، نیب کراچی (فوٹو: فائل)

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نیب کراچی کے دو نوٹسز کے باوجود تحقیقات کے لیے پیش نہیں ہوئے، یکے بعد دیگرے جاری نوٹسز پر انھیں 28 اکتوبر اور بعد ازاں یکم دسمبر کو پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔

ایکسپریس کے مطابق نیب کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر عبدالحفیظ شیخ کو دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ‏نیب کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم نے حفیظ شیخ کو یکم دسمبر کو طلب کیا تھا لیکن نیب کی جانب سے طلبی کے باوجود مشیر خزانہ پیش نہیں ہوئے، نیب کی جانب سے پہلا نوٹس 28 اکتوبر کو پیش ہونے کے لیے جاری کیا گیا تھا۔

ذرائع نیب کے مطابق عبدالحفیظ شیخ پر ایک کروڑ ڈالرسے زائد کی بدعنوانی کے الزام میں تحقیقات ہورہی ہیں، ان پر سابقہ ادوار میں قومی خزانے سے غیر قانونی ادائیگی کا الزام ہے۔


نیب کے مطابق کیئر پروجیکٹ کے تحت سسٹم نہیں لگا جس کے باوجود کمپنی ''اگیلیٹی'' کو ادائیگی کردی گئی۔

حفیظ شیخ کو کوئی نوٹس نہیں ملا، فنانس ڈویژن

دوسری جانب فنانس ڈویژن نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب )کی جانب سے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو کسی قسم کو کوئی نوٹس تاحال موصول نہیں ہوا۔

فنانس ڈویژن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کسی بھی معاملے میں قانون کے مطابق نیب سے مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
Load Next Story