راولپنڈی دھماکا دہشت گردی قرار تفتیش کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے

واقعہ کا مقدمہ بھی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا جائے گا، دھماکے کے اہم شواہد جمع کرلیے گئے، ایس پی

واقعہ کا مقدمہ بھی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا جائے گا، دھماکے کے اہم شواہد جمع کرلیے گئے، ایس پی (فوٹو : ایکسپریس)

راولپنڈی پولیس نے پیرو دہائی بس اڈے میں دھماکے کو دہشت گردی قرار دے کر واقعہ کی تفتیش کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متعلقہ ایس پی نے بتایا کہ پیرو دہائی بس اڈے میں موٹر سائیکل رکشا بم دھماکے کی تفتیش سی ٹی ڈی کرے گی، واقعہ کا مقدمہ بھی تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا جائے گا۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی تفتیش کاروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ اہل کاروں نے موقع پر پہنچ کر اہم شواہد جمع کرلیے، کوشش کی جارہی ہے کہ بس اڈے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی جائے۔


یہ پڑھیں : راولپنڈی میں بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 8 زخمی

 

پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد فضل جان کے نام سے ہوئی جو راولپنڈی کا رہائشی تھا، دیگر 7 زخمیوں کو ہولی فیملی ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

واضح رہے کہ دھماکے میں دیسی ساختہ ٹائم ڈیوائس، دھماکہ خیز اور بال بیرنگز کا استعمال کیا گیا، دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے تھے۔
Load Next Story