کراچی میں ایک بار پھر تیز سرد ہوائیں چلنے کا امکان

مجموعی درجہ حرارت میں کئی ڈگری کمی متوقع ہے، محکمہ موسمیات

مجموعی درجہ حرارت میں کئی ڈگری کمی متوقع ہے، محکمہ موسمیات . فوٹو : فائل 

شہر قائد میں منگل اور بدھ کو معمول سے تیز سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ مجموعی درجہ حرارت میں کئی ڈگری کمی متوقع ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات خالد ملک کے مطابق ملک میں داخل ہونے والےنئے مغربی ہواوں کے سلسلے کے تحت شہرمیں بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارشوں کے اثرات شہر پر معمول سے تیز اور سرد ہواؤں کی شکل میں اثرانداز ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کے بعد منگل اور بدھ کو کراچی میں معمول سے تیز سرد ہوائیں چل سکتی ہیں، اس دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں منقطع جب کہ بلوچستان کی شمال مشرقی اور مشرقی ہوائیں چل سکتی ہیں اورمجموعی درجہ حرارت (صبح و رات)میں کمی ہوسکتی ہے۔


ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق پیر جب کہ منگل کو بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، ژوب ، زیارت،قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کا کم سے کم پارہ 17.3 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری ریکارڈ ہوا، نمی کا تناسب صبح کے وقت 85 اور شام کو 27 فیصد رہا،اتوار کو سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلیں جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار18 کلومیٹرفی گھنٹہ رہیں۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 15 سے 17 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، شہر میں صبح اور رات کے وقت دھند چھانے کی توقع ہے۔
Load Next Story