ملک میں آمریت کے مہرے نے جمہوریت کو دفن کردیا مولانا فضل الرحمان

موجودہ حکومت کوآئینی اورجمہوری نہیں مانتے،مولانا فضل الرحمان

13 دسمبر لاہور کا تاریخی دن ہوگا، مولانا فضل الرحمان فوٹو: فائل

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج ملک میں جمہوریت نہیں بلکہ آمریت کے مہرے نے جمہوریت کو دفن کردیا ہے۔

اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 13 دسمبر لاہور کا تاریخی دن ہوگا، ہمیں ہر صورت میں مینار پاکستان میں جلسہ کرنا ہے، ہمیں جلسے روکنے کے حکومتی اقدام کا بھی راستہ روکنا ہیں، ہمارا راستہ روکا گیا تو ہم نیا راستہ بنا لیں گے،حکومت عوامی سیلاب کو روک نہیں پائے گی۔


مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت کو آئینی اور جمہوری نہیں مانتے، موجودہ اسمبلیوں کے ذریعے سینیٹ کے الیکشن جعلی ہوں گے، آج ملک میں جمہوریت نہیں، آمریت کے مہرے نے جمہوریت کو دفن کردیا ہے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر آمرانہ دور میں مقابلہ کیا، پیپلزپارٹی کی سیاست سڑکوں پر ہی شروع ہوئی تھی، پیپلز پارٹی حکمرانوں کو گھر بھجوانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں ایک پیج اور ایک اسٹیج پر ہیں، ہم عمران خان اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیجنے کے لئے نکلے ہیں، ہم تمام پارلیمانی اور جمہوری آپشن استعمال کریں گے، ہم جلسے بھی کریں گے اور سول سوسائٹی سے بھی رابطہ کریں گے، استعفے بھی اس عمل میں شامل ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ 13 دسمبر کا جلسہ مینار پاکستان پر ہی ہوگا، جلسے کا مقام کسی صورت تبدیل نہیں کریں گے۔
Load Next Story