پرویز مشرف کی والدہ کو وطن لانے کیلئے ایئرایمبولینس دینے کو تیار ہیں پرویز رشید

حکومت پرویز مشرف کی والدہ کے علاج معالجے کے لیے تمام سہولیات فراہم کرے گی، پرویز رشید

پرویز مشرف کا مقدمہ عدالت میں ہے اور ان کے مستقبل کا فیصلہ آزاد عدلیہ ہی کرے گی، وزیر اطلاعات فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت انسانی ہمدردی کے تحت پرویزمشرف کی والدہ کو وطن لانے کے لئے خصوصی طیارہ یا ایمبولینس جہاز دینے کو تیار ہے۔

اپنے ایک بیان میں پرویز رشید نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کے تقاضے کے تحت سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ کو پاکستان لانے کے لیے ایئر ایمبولینس بھیجنے کے انتظامات مکمل ہیں۔ خصوصی طیارہ یا ایئرایمبولینس کی پیشکش کا مقصد یہ ہے کہ پرویز مشرف کی والدہ کا علاج پاکستان میں ہو سکے اور وہ اپنے بیٹے کے ساتھ رہ سکیں۔ حکومت پاکستان ان کے علاج معالجے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔


پرویز رشید کا کہنا تھاکہ پرویز مشرف سے پہلے کبھی کوئی ڈیل ہوئی ہے اور نہ ہی اب کریں گے۔ سابق صدر کا مقدمہ عدالت میں ہے اور ان کے مستقبل کا فیصلہ آزاد عدلیہ ہی کرے گی تاہم جب تک ان کا کیس عدالت میں ہے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے میں تمام شواہد موجود ہیں، وفاقی حکومت تما شواہد عدالت ہی میں پیش کرے گی۔

دوسری جانب پرویز مشرف کی ترجمان آسیہ اسحاق کا کہنا ہے کہ حکومت نے پرویز مشرف کو باہر بھجوانے کےلئے ہر حربہ استعمال کرلیا لیکن پرویز مشرف پاکستان میں ہی رہیں گے اور ان کی وطن سے محبت کو کم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کی والدہ خود پاکستان آنا چاہتی ہیں اس لئے پرویز رشید عوام کو گمراہ کرنے کےلئے ہمدردانہ بیان دے رہے ہیں۔
Load Next Story