2020 میں ایشیا کے 50 مقبول فنکاروں میں 4 پاکستانی بھی شامل

فہرست میں اُن فنکاروں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے اپنے کام کی وجہ سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کیے

اس فہرست میں اُن فنکاروں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران اپنے کام کی وجہ سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کیے، فوٹوفائل

برطانوی اخبار ایسٹرن آئی کی جانب سے رواں سال جاری کی جانے والی ایشیا کے 50 مقبول فنکاروں کی فہرست میں 4 پاکستانی فنکار بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

اس فہرست میں ایشیا کے اُن 50 فنکاروں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران اچھا کام کیا اور اپنے کام کی وجہ سے لوگوں پر اور معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کیے۔ لوگوں کو امید دی، انسان دوستی کی مثال قائم کی اور اپنے انوکھے انداز سے لوگوں کو متاثر کیا۔

ثروت گیلانی



فہرست میں 21 ویں نمبر پر موجود اداکارہ ثروت گیلانی ویب سیریز''چڑیلز''کا حصہ ہیں۔ انہوں نے اس ویب سیریز میں کام کرکے پاکستان میں ٹی وی پر دکھائے جانے والے مواد کے لیے نئے دروازے کھولے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بطور فیمنسٹ آئیکن اپنی پوزیشن مستحکم کی۔

بلال عباس خان




اداکار بلال عباس خان ایسٹرن آئی کی جانب سے مرتب کی جانے والی فہرست میں 28 ویں نمبر پر ہیں۔ بلال عباس خان نے 2020 میں بہت تیزی سے مقبولیت سمیٹی ۔ انہوں نے رواں سال کی ابتدا ہم ٹی وی کے ڈرامے ''پیار کے صدقے'' سے کی اور سال کے آخر میں زی فائیو کی ویب سیریز ''ایک جھوٹی لواسٹوری''میں نظر آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ مزید ہائی پروفائل پراجیکٹس کے ساتھ بلال عباس کو پاکستان فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے مستقبل کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

علی ظفر



گلوکار و اداکار علی ظفر اس فہرست میں 39 ویں نمبر پر ہیں۔ ایسٹرن آئی کے مطابق علی ظفر نے رواں سال پاکستان سپر لیگ کو پی ایس ایل کے آفیشل گانے سے زیادہ بہتر گانا دے کر پاکستانی کرکٹ لیگ کو بچایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی۔ علی ظفر نے کووڈ 19 کی وبا کے دوران پریشانی کا شکار لوگوں کے لیے انسان دوست کام کیا۔ ان کے اس عمل نے دوسروں کو متاثر کیا۔

شرمین عبید چنائے



آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے ایسٹرن آئی کی فہرست میں 49 ویں نمبر پر ہیں۔ شرمین عبید چنائے نے رواں سال سماجی مسائل سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لائیں اور اپنے کام سے بین الاقوامی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ اس کے علاوہ وہ مارول اسٹوڈیو کی ٹی وی سیریز ''مس مارول'' کی ہدایات بھی دیتی ہوئی نظر آئیں گی۔
Load Next Story