خدا کا شکر ہے ملک مشکل وقت سے نکل آیا وزیراعظم

دنیا بھر میں پاکستان کی مشکل ترین وقت میں معاشی کارکردگی کی پذیرائی ہو رہی ہے، عمران خان

دنیا بھر میں پاکستان کی مشکل ترین وقت میں معاشی کارکردگی کی پذیرائی ہو رہی ہے، وزیراعظم۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خدا کا شکر ہے ملک مشکل وقت سے نکل آیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں خسرو بختیار، عبدالحفیظ شیخ، حماد اظہر، اسد عمر، عبدالرزاق داؤد، عشرت حسین اور گورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو ملکی معیشت کے بہتر ہوتے ہوئے اعشاریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے بڑے پیمانے کی صنعت کی ترقی، تعمیراتی صنعت کی ریکارڈ کارکردگی اور ٹیکسٹائل سیکٹر سے بڑھتی ہوئی برآمدات پر اطمینان کا اظہار کیا اور معاشی اعشاریوں کی بہتری کے ثمرات کو عام آدمی تک پہنچانے کے لیے فوری اور دیرپا اقدامات پر بھی زور دیا۔


یہ خبر بھی پڑھیں: وزیراعظم سے ملا عبدالغنی برادرکی قیادت میں افغان طالبان کی ملاقات

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو اسٹاک مارکیٹ میں تیزی اور سرمایہ داروں کے اعتماد میں اضافے کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی مشکل ترین وقت میں معاشی کارکردگی کی پذیرائی ہو رہی ہے جس کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے، خدا کا شکر ہے کہ ملک مشکل وقت سے نکل آیا ہے اور اب مزید ترقی کی راہیں کھولنے کے لیے جامع منصوبہ بندی پر کام ہو رہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: IMF پروگرام دوبارہ شروع کرنے کیلیے وزیر اعظم نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی

وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک سے ترسیلات زر میں اضافے اور ان کا 2 ارب ماہانہ کی سطح پر برقرار رہنا خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں اور تعمیراتی شعبے کو بنکوں کی طرف سے آسان شرائط پر قرضوں کی وجہ سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔
Load Next Story