خیبرٹیچنگ اسپتال معاملہ غفلت برتنے پر 7 ملازمین نوکری سے برطرف

برطرف ملازمین کی جگہ نئے اسٹاف کی بھرتی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے، ترجمان کے ٹی اسپتال

خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن نہ ملنے کے باعث 6 مریض زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ فوٹو:فائل

خیبر ٹیچنگ اسپتال میں مریضوں کو آکیسجن سیلنڈر فراہم کرنے میں غفلت برتنے والے 7 ملازمین کو نوکری سے برطرف کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے کورونا وارڈ اور آئی سی یو میں زیرعلاج 6 مریض زندگی کی بازی ہار گئے تھے، جس پر ڈائریکٹر خیبر ٹیچنگ اسپتال نے واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: آکسیجن سلنڈر نہ ملنے پر کورونا کے 6 مریض جاں بحق


کمیٹی نے اپنی رپورٹ 48 گھنٹوں میں پیش کی تھی تاہم مکمل تحقیقات کے لئے دوسری انکوائری کمیٹی بنائی گئی، جس کی رپورٹ کی روشنی میں مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی میں غفلت کے مرتکب چارج شیٹ کئے گئے 7 ملازمین کو نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے۔ جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کو ایک دن میں عوام کے سامنے بھی پیش کردیا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خیبر ٹیچنگ اسپتال معاملے کی تحقیقات کا حکم

دوسری جانب ترجمان خیبرٹیچنگ اسپتال کے ترجمان فرہاد خان کا کہنا ہے کہ برطرف کئے گئے ملازمین کی جگہ نئے اسٹاف کی بھرتی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے اور آکسیجن پلانٹ پر 3 نئے ملازمین کوتعینات کردیا گیا ہے، آکسیجن پلانٹ چلانے کے لیے اسسٹنٹ بائیو میڈیکل انجینئر اور 2 بائیو میڈیکل ٹیکنیشن بھرتی کئے گئے ہیں۔

ترجمان کے ٹی ایچ نے بتایا کہ مزید اسٹاف کی کمی کو بھی پورا کیا جارہا ہے، جب کہ آکسیجن کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے جلد نئی کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پایا جائے گا۔
Load Next Story