بولرز رینکنگ عباس کا ٹاپ10کی جانب سفر جاری

شمی اورناتھن لیون کی ناقص کارکردگی نے پیسر کو2 درجہ ترقی دلا دی

ہیزل ووڈکا پانچواں نمبر،بیٹسمینوں میں بابر اعظم کی پانچویں پوزیشن محفوظ

ISLAMABAD:
محمد عباس کا بغیر کھیلے بولرز رینکنگ میں ٹاپ 10 کی جانب سفر جاری ہے، محمد شمی اور ناتھن لیون کی ناقص کارکردگی نے پاکستانی پیسر کو 2 درجہ ترقی دلا دی، جوش ہیزل ووڈ 4 درجے چھلانگ لگاکر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، بیٹسمینوں میں بابر اعظم کی پانچویں پوزیشن محفوظ ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت میں سیریز کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے اختتام پر آئی سی سی نے تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کردی،ناقص کارکردگی کی وجہ سے بھارتی محمد شمی اور آسٹریلیا کے ناتھن لیون کی تنزلی ہو گئی۔


اس کا براہ راست فائدہ پاکستان کے محمد عباس کو پہنچا جو2 درجے ترقی سے اب 12 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں، اس طرح بغیر کھیلے ان کی ٹاپ 10 میں واپسی کا سفر جاری ہے۔ بھارت کے خلاف دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے جوش ہیزل ووڈ کو 4 درجے ترقی نے پانچویں نمبر پر پہنچا دیا، انھیں جگہ دینے کیلیے کاگیسو ربادا، مچل اسٹارک اور جیمز اینڈرسن کو ایک ایک درجہ نیچے جانا پڑا، ایشون نے ہموطن جسپریت بمرا سے نویں پوزیشن چھین لی ہے۔ ٹاپ ٹیسٹ بولر کا اعزاز بدستور آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز کے پاس ہی ہے۔

بیٹسمین رینکنگ میں پاکستان کے بابراعظم بدستور پانچویں نمبر پر براجمان ہیں، بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاپ پر موجود اسٹیون اسمتھ سے پوائنٹس کی مد میں کچھ فاصلہ کم کیا ہے، بھارت کے چتیشور پجارا کی ایک درجہ تنزلی سے بین اسٹوکس ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، اجنکیا راہنے کے ایک درجہ نیچے جانے سے ٹام لیتھم کو ٹاپ 10 میں شامل ہونے کا موقع مل گیا، آل راؤنڈرز میں پہلے سے پانچویں نمبر پر بین اسٹوکس، جیسن ہولڈر، رویندرا جڈیجا، شکیب الحسن اور مچل اسٹارک براجمان ہیں۔
Load Next Story